جہلم ویلی (رپورٹ: عمر بھٹی راجپوت) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے متفقہ قرارداد کی منظوری کو شہریوں اور قانونی حلقوں نے موجودہ صورتحال کے حل اور ریاست میں امن و امان کی بحالی کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے نام پر غیر قانونی دھرنوں اور راستوں کی بندش کا باب ہمیشہ کیلئے سلسلہ ختم کیا جائے اور ریاست میں قانون کی عملداری یقینی بنائی جائے۔
کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے متفقہ قرارداد منظور کرکے ایک اچھا فیصلہ کیا ہے۔ اب دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کو چاہیے کہ وہ دھرنے ختم کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی، زویا خان کا دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور عوام کی روزمرہ زندگی متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے تاکہ ریاست میں قانون کی رٹ بحال اور عوام کو سکھ کا سانس مل سکے۔
شہریوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی سے وابستہ بعض مسلح عناصر ریاست میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت اور متعلقہ ادارے ایسے عناصر کی سرگرمیوں کا نوٹس لیں اور قانون کے مطابق کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں ریاست کے عوام پُرامن ماحول میں زندگی گزار سکیں۔
اس موقع پر سنٹرل بار مظفرآباد کے وکیل اعجاز یوسف ایڈووکیٹ نے دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی ابتدا ءمیں کوئی سیاسی جماعت نہیں تھی بلکہ اسے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا نام اس لیے دیا گیا تھا کہ اس میں معاشرے کے مختلف طبقات کی نمائندگی شامل تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وکلا کی بھی بڑی تعداد اس کا حصہ تھی، جن میں سنٹرل بار سے راجہ امجد علی خان، فضل محمود، ہارون ریاض مغل سمیت دیگر ساتھی نمایاں تھے۔ ان کے علاوہ کے ڈی خان اور دیگر افراد بھی اس پلیٹ فارم کا حصہ رہے، جبکہ وہ خود بھی اس ٹیم میں شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں:عوامی حقوق کے نام پر سفاکیت، کالعدم ایکشن کمیٹی نے انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا
اعجاز یوسف ایڈووکیٹ نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم ایکشن کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنا تھا۔ ابتدائی مطالبات میں سستا آٹا اور سستی بجلی کی فراہمی شامل تھی جو ہر شہری کی بنیادی ضروریات ہیں۔
تاہم بعد ازاں ان کے بقول کمیٹی میں ایسے عناصر شامل ہوگئے جنہوں نے ریاست بھر میں انتشار پیدا کیا۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے تاکہ امن و امان قائم اور قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔




