آزادکشمیر: ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن پرعملدرآمد چیلنج بن گیا

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)  آزادکشمیر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد حکومت اور ضلعی انتظامیہ کیلئے بڑا چیلنج بن گیا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی نہیں کی، شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نمایاں حد تک نیچے آ چکی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپ پاکستان کی شان اور ہمارا فخر ہو، وزیراعظم، فیلڈ مارشل کا ذیشان علی سے خلا میں رابطہ،خراج تحسین پیش

پٹرول کی قیمت 313 روپے جبکہ ڈیزل 346 روپے فی لیٹر سے بھی کم ہو چکا ہے، تاہم مظفرآباد  سمیت آزادکشمیر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں تاحال کمی نہ ہوناتشویش کا باعث بن گیا ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کرایوں میں کمی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونا انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

سرکاری پروٹوکول، وسائل اور قیمتی گاڑیوں کے باوجود انتظامیہ ٹرانسپورٹرز کو حکومتی احکامات کا پابند بنانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر ٹرانسپورٹرز کس قانون کے تحت سرکاری احکامات نظرانداز کر رہے ہیں؟ کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں یا انتظامیہ انہیں قانون کا پابند بنانے میں بے بس ہے؟

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جب عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات فوری طور پر عوام تک منتقل کئے جاتے ہیں تو قیمتوں میں کمی کا فائدہ شہریوں کو کیوں نہیں دیا جاتا؟

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی خلائی کامیابیوں پر بھارتی فوج پریشان، چیف آف ڈیفنس سٹاف نے اعتراف کر لیا

عوامی حلقوںنے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں ۔

من مانے کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کو ریلیف آخر کب ملے گا؟