بھارت میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی ،وزیراعظم کا مصدق ملک کو خراج تحسین

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرنے پر وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ بھارت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی پر بات ہوگی اور شواہد کے ساتھ ہو گی: مصدق ملک کا بھارتی میڈیا کو جواب

وزیراعظم نے ان کے اندازِ بیان، اردو زبان پر گرفت اور خطے میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو بہترین انداز میں پیش کیا۔

وزیراعظم نے ان کے اندازِ بیان اور اردو زبان کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے تحمل اور فکری وضاحت پر مبنی سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پاکستان کے مثبت تاثر اور تشخص کو اجاگر کرنے کا نیا معیار قائم کیا، جو قابل تعریف ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اوربھارت کے درمیان بامعنی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک

یاد رہے کہ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے بھارت میں ایس سی او اجلاس کے دوران پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ہے اور بھارتی میڈیا کے سخت سوالوں کا انتہائی مدلل انداز میں جواب دیا ہے۔

مصدق ملک بھارت میں بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے ، مصدق ملک نے پاکستان کا مثبت امیج  بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور بھارت کو پیغام دیا کہ کسی بھی معاملے پر بات ثبوتوں کیساتھ ہوگی۔