اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان نے خلائی تحقیق کی دنیا میں تاریخ رقم کردی، پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی خلائی مشن کیلئے روانگی کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پوری قوم کے لیے ناقابلِ فراموش لمحہ قراردیدیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاہے کہ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانیوں کے خوابوں کی تعبیر اور آنے والی نسلوں کے لیے نئی امیدوں کا آغاز ہے۔
پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی روانگی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو-24 مشن کے تین خلا بازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت ان کے لیے تاریخی اعزاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں خلا کی جانب تاریخی اڑان، ذیشان علی شٹل میں سوار، قوم کی نظریں مشن پر جم گئیں
تینوں خلا بازوں میں پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ اس یادگار لمحے پر اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ٹی وی اسکرینوں پر ان تاریخی مناظر کو دیکھ رہی ہے اور ہر پاکستانی کو اپنے ہیرو پر فخر ہے، جو چینی خلا بازوں کے ہمراہ خلائی مشن پر روانہ ہو رہے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہیں امید ہے کہ اس تاریخی پیش رفت کو دیکھ کر ملک کے نوجوان خلائی تحقیق اور خلا بازی کے شعبے کی جانب راغب ہوں گے۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے ایک نئے سفر کی شروعات ہے، اختتام نہیں، یہ تاریخی لمحات آنے والی نسلوں کے لیے حوصلے، عزم اور تحریک کا ذریعہ بنیں گے۔
ہہ بھی پڑھیں تاریخ رقم ہونے کو تیار،پاکستانی خلا باز کی خلائی روانگی سے پہلے الوداعی تقریب
وفاقی وزیر نے پاک چین خلائی تعاون کے پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2017-18 میں وہ اپنے چینی دوستوں سے بارہا کہتے رہے کہ سی پیک کے تحت تعاون کو خلا تک وسعت دینی چاہیے۔
چینی خلائی مشن میں پاکستانی خلا باز کی شمولیت کا خواب حقیقت بن چکا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ چین میں ہزاروں افراد صبح سویرے اس تاریخی لمحے کے گواہ بننے کے لیے جمع ہوئے، یہ تاریخ رقم ہونے اور ایک خواب کی تعبیر کا وقت ہے۔
وفاقی نے مزید کہا کہ وہ پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو خلائی جہاز کی جانب بڑھتے دیکھ رہے تھے، پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اس سے بہتر تحفہ نہیں ہوسکتا تھا۔وفاقی وزیر نے اپنے پیغام کا اختتام پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کیا۔




