ضیاء القمر

باغ میں تاجروں کے نقصان کا ذمہ دار کون؟ سردار ضیاء القمر نے خاموشی توڑ دی

باغ (کشمیر ڈیجیٹل )سابق وزیر حکومت و ممبر قانون ساز اسمبلی سردار ضیاء القمر نے کہا ہے کہ باغ شہر میں حالیہ تجاوزات آپریشن عدم مساوات اور مبینہ بدانتظامی پر مبنی تھا ہم آپریشن کے خلاف نہیں، تاہم کارروائی بلا تفریق اور قانون کے مطابق ہونی چاہیے۔ 

سردار ضیاء القمر نے کہا کہ قانون کے مطابق کسی قابض کو ہٹانے سے قبل تین نوٹس جاری کئے جانے چاہئیں تھے جبکہ حالیہ آپریشن میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ شہر میں ایسی درجنوں مثالیں موجود ہیں جہاں پسند و ناپسند کو ملحوظ خاطر رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ساجد عباسی کا اپنی جیب سے حلقہ میں 100کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا اعلان

تاجروں سے ملاقات کے بعد ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار ضیاء القمر نے کہا کہ وہ اسی شہر میں پلے بڑھے ہیں اور یہاں کے حالات سے بخوبی واقف ہیں۔

حالیہ آپریشن کے طریقہ کار سے نہ صرف تاجروں کو نقصان پہنچا بلکہ ڈپٹی کمشنر کی نیک نامی بھی متاثر ہوئی ہے۔ یہ کارروائی ضلعی انتظامیہ کے خلاف بھی ایک سازش محسوس ہوتی ہے۔

سوال یہ ہے کہ جن تعمیرات کو آج ناجائز قرار دیا جا رہا ہے، ان کیلئے این او سی کس نے جاری کیے تھے؟ انتظامیہ کو چاہیے کہ بلا تفریق کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کے معاشی نقصان کا معاملہ اسمبلی کے فورم پر اٹھاؤں گا اور وزیراعظم افتخار گیلانی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ دورہ باغ کے دوران ایک کمیٹی تشکیل دے کر متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے اور ان کا ازالہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:معاشی خوشحالی کے نئے راستے کھولنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی،افتخار گیلانی

سردار ضیاء القمر نے حکومت کے سو روزہ پلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ باغ کے حصے میں عام آدمی کے نقصان کے سوا کچھ نہیں آیا۔ باغ کے حالات کو ایکشن کمیٹی کی آڑ میں خراب نہ کیا جائے۔

 عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی انتقامی کارروائیوں کے خلاف بہت جلد احتجاجی لائحہ عمل طے کریں گے اسمبلی کے اندر اور باہر ہر جگہ عوامی مفاد کا تحفظ کریں گے ۔