ساجد عباسی کا اپنی جیب سے حلقہ میں 100کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا اعلان

اسلام آباد( عامر اقبال ہاشمی سے) آزادکشمیر اسمبلی کے کروڑ پتی ممبر،عوامی دست وبازو کے چیئرمین ساجد اقبال عباسی نے حلقہ انتخاب غربی باغ میں 100کلومیٹر سڑکیں اپنی جیب سے تعمیر کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

 سڑکوں ، سکولوں کی تعمیر سمیت دیگر فلاحی منصوبے مکمل کرکے ہی سیاست میں نام بناکر اور ہیوی ویٹ ناقابل شکست سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کو شکست سے دوچار کرنیوالے ساجد اقبال عباسی نے پھر سے بڑا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر صحت مصطفیٰ بشیر،ممبراسمبلی ساجد اقبال کاکارڈیک ہسپتال مظفرآباد کا دورہ

ساجد اقبال عباسی جو متحدہ عرب امارات میں بزنس کررہے تھے نے چند سال قبل ہی حلقہ میں انٹری دی اور سڑکوں ، سکولوں کی تعمیر اپنی جیب سے کرائی جس پر حلقہ کے عوام ان کیساتھ کھڑے ہو گئے اور ساجد اقبال عباسی نے سردار عتیق خان کو  20ہزار ووٹوں سے شکست دی۔

ساجد اقبال عباسی نے حلقہ میں کروڑوں روپے لگا کر سڑکیں تعمیرکروائیں،سکولوں کی عمارتیں بنوائیں، پانی کے صاف پانی کی سکیمیں دیں، انتخابات میں کامیابی کے بعد انہوں نے نوجوانوں کیلئے100کروڑ روپے کا اعلان کیا تھااور کسی قسم کی تنخواہ اور مراعات نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

عوامی دست وبازو کے چیئرمین ساجد اقبال عباسی مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے اتحادی ہیں اور ابھی تک وہ کابینہ میں شامل نہیں ہوسکے ہیں ۔

ساجد اقبال عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کمیٹی بنا کر آئندہ 2سالوں میں یہ سڑکیں تعمیر کرائیں گے، یہ سڑکیں ایم ایل اے کی سالانہ ترقیاتی روڈ اسکیم سے الگ ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح پانی کی فراہمی کے نظام میں بھی ایک بہتر اور دیرپا تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب روایتی بورنگ کے بجائے یونین کونسل کی سطح پر واٹر اپ لفٹنگ منصوبے ترتیب دیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:غربی باغ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ڈھائی کروڑ روپے مختص، سردار ساجد اقبال عباسی متحرک

 جہاں جہاں پانی کے قدرتی ذرائع موجود ہیں، وہاں سے پانی کو پمپنگ کے ذریعے مختلف آبادیوں تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مستقل بنیادوں پر پینے کا پانی میسر آ سکے۔

ساجد اقبال عباسی کس حد تک حلقہ میں ترقیاتی کام کروانے میں کامیاب ہوتےیہ وقت ہی بتائے گا لیکن سردار عتیق خان کو شکست دے کر وہ پہلے سے تاریخ رقم کرچکے ہیں۔