سابق چیمپئن کراچی کنگز نے کشمیر ی نژاد انگلش لیگ اسپنر عادل رشید کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر شامل کر لیا جو اگلے سال 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔
آئندہ ایڈیشن میں 46 دنوں میں 44 میچز ہوں گے جن کے مقابلے پاکستان کے چھ مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ عادل رشید ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فضائیہ کا بڑا اقدام، اسلام آباد میں عالمی اسکواش مقابلوں کا میدان سج گیا
لیگ اسپنر کو اس سے قبل ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 8 میں سنہ 2023 کے لیے سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا تھا لیکن انگلینڈ کے ساتھ بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے قبل دستبردار ہو گئے تھے۔
عادل رشید نے انگلینڈ کی جانب سے 19 ٹیسٹ، 165 ون ڈے اور 154 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 476 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
انگلینڈ کے معروف وائٹ بال بولرز میں شمار کیے جانے والے تجربہ کار لیگ اسپنر کا فرنچائز کرکٹ میں بھی وسیع کیریئر ہے۔ انہوں نے کئی نمایاں مقابلوں میں حصہ لیا ہے جن میں دی ہنڈریڈ، آئی ایل ٹی 20، ایس اے 20، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، وائٹلٹی بلاسٹ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)، بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور چیمپئینز لیگ ٹی 20 شامل ہیں۔
فرنچائز سطح پر عادل رشید نے 381 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں اور 7.48 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 432 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور،عمران خان اسٹیڈیم کا نام پھر تبدیل، نیا نام ’ارباب نیاز خان‘ کون ہیں؟
عادل رشید کا تعلق میرپور کی تحصیل چکسواری سے ہے، ان کے والد عبدالرشید1960 کی دہائی کے آخرمیں آزاد کشمیرسے ہجرت کر کے برطانیہ منتقل ہوئے تھےاور ان کا خاندان بریڈ فورڈ میں آباد ہے، عادل رشید کی پیدائش 17 فروری 1988 کو ہوئی۔
عادل رشید کے والد نے برطانیہ میں ٹیکسٹائل ملوں میں محنت مزدوری کی اور بعد ازاں بریڈفورڈ ہی میں اپنا چھوٹا کاروبار اور دکان (کیش اینڈ کیری/گروسری) قائم کی جبکہ عادل شید کے دوبھائی ہارون اور عماربھی کرکٹر ہیں۔




