روس کا ایس یو 30 لڑاکا طیارہ کیلینن گراڈ کے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا تاہم طیارے میں سوار عملے کے ارکان بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی خبر رساں ادارے انٹرفیکس نے بدھ کو وزارت دفاع کے حوالے سے بتایا کہ لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہونہار طالبہ ایمن اعجاز کا اعزاز،گولڈ میڈل،لیپ ٹاپ، اڑھائی لاکھ کا چیک مل گیا
خیال رہے کہ اس سے چند گھنٹے قبل فرانس میں میراج 2000 ڈی جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوکر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا یہ حادثہ فرانس کے شمال مشرقی علاقے میں پیش آیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق حادثے کے بعد طیارے کا عملہ پیراشوٹ کے ذریعے بحفاظت باہر نکل گیا جبکہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
وزارت دفاع نے طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے حادثے کی وجہ نہیں بتائی، حکام کی جانب سے فوری طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا کہ تربیتی پرواز کے دوران طیارے کو کس نوعیت کی خرابی یا مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔
کیلینن گراڈ روس کا ایک خطہ ہے جو ملک کے مرکزی حصے سے الگ اور بحیرہ بالٹک کے ساحل پر واقع ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم:بدتمیزی کا معاملہ،طالبات سراپا احتجاج، کارروائی کا مطالبہ
ایس یو 30 روسی ساختہ کثیرالمقاصد لڑاکا طیارہ ہے، جسے فضائی لڑائی اور مختلف فوجی کارروائیوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
حادثے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں جبکہ طیارے کے تباہ ہونے کی وجوہات کے حوالے سے بھی روسی وزارت دفاع نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔
رائٹرز کے مطابق روسی حکام نے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی اور بتایا کہ طیارے کا عملہ محفوظ رہا۔




