دبئی (کشمیر ڈیجٹیل ) کرکٹ کے شائقین تیار ہو جائیں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک اور بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے، انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹوئنٹی (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کا آغاز ہفتے سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا.
دنیا بھر کے نامور کرکٹرز کے ساتھ پاکستان کے سپر اسٹارز بابر اعظم اور شاداب خان بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
ایونٹ کا افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور ایم آئی ایمریٹس کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے ساتھ ہی لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی شرکت کے باعث شائقین کرکٹ کی دلچسپی عروج پر پہنچنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :راولپنڈی اسٹیڈیم کے دروازے مفت کھل گئےشائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری
افغانستان کے مایہ ناز اسپنر راشد خان نے آئی ایل ٹی 20 کو اماراتی کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی لیگز مقامی کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے اور تجربہ حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے بھی لیگ میں ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کو مواقع دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات سے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور عالمی سطح پر شناخت بنانے کا موقع ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ون ڈے کرکٹ : ویرات کوہلی بدترین ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے
پانچویں سیزن میں جنوبی افریقی اسٹار فاف ڈو پلیسی پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی 20 میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، جبکہ ہینرک کلاسن گلف جائنٹس کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔ ان نامور کھلاڑیوں کی شمولیت سے لیگ کے مقابلوں میں مزید سنسنی اور دلچسپی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
کرکٹ کے میدان میں اپنی پہچان بنانے والے سابق عظیم کھلاڑی بھی اس ایونٹ کا حصہ ہوں گے۔
وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر سمیت کرکٹ کے کئی بڑے نام کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے اور اپنے تجزیوں سے شائقین کو کھیل کے دلچسپ پہلوؤں سے آگاہ کریں گے۔
پاکستانی اسٹارز بابر اعظم اور شاداب خان کی شرکت، عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی موجودگی اور سابق کرکٹرز کی کمنٹری کے باعث آئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔




