حکومت راولاکوٹ میں موجود شرپسند عناصر کیخلاف موثر کارروائی کرے، وادی لیپہ عوام

وادی لیپہ ( کشمیر ڈیجیٹل:عبد الصبور اعوان) وادی لیپہ کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ راولاکوٹ میں موجود کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کیخلاف فوری اور موثر کارروائی کی جائے۔

عوامی حلقوں نے کہا کہ اس دھرنے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ سکول بند ہیں، بچے گھروں میں بیٹھے ہیں اور ان کا قیمتی تعلیمی سال ضائع ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجیڑا بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی نقل و حرکت، ڈرون فوٹیج منظر عام پر آگئی

دوسری طرف کاروبار بری طرح متاثر ہے۔ تاجر، دکاندار، ڈرائیور اور مزدور طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔

مہنگائی اور بے روزگاری نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ دی ہے، اب اس دھرنے نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔

لیپہ کے عوام کا کہنا ہے کہ اس وقت آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔ عام شہری خوف اور بے یقینی کا شکار ہے نہ سڑکیں محفوظ ہیں، نہ بازار محفوظ ہیں۔

عوام نے حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دنوں سے جاری اس دھرنے کو فوری طور پر منتشر کرے اور ریاست میں امن و امان بحال کرے۔

لیپہ کے عوامی نمائندوں کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن کسی کو بھی پورے خطے کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے فتنے سے کب نجات ملے گی؟شہریوں نے سوال اٹھا دیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو چاہیے فسادی عناصر کے خلاف جلد از جلد کارروائی کرے اور ریاست کی رٹ کو بحال کیا جائے۔