اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے سندھ میں حالات خراب ہونے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے، نئے صوبوں کے معاملے پر سیاستدانوں کو اپنی ذات کے خول سے باہر نکل کر بات کرنی چاہیے۔
نجی ٹی وی کے پروگرا م میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے، وزیراعظم اس ایجنڈے کو لے کر چل رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہو۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبے ناگزیر ،ہمیں مرنے سے نہ ڈرائیں، بلاول کو ہزاروں ارب روپے آنا بند ہونے کا ڈر ہے، مصطفیٰ کمال
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے صدر مملکت اور دیگر لوگوں سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، نئے صوبوں کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکلے گا، اگر راستے بند کرنا شروع کر دیے تو یہ سیاست، ملک اور عوام کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کیا دنیا میں نئے صوبے نہیں بنتے؟ سیاست میں بات چیت ہونی چاہیے، جب خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسی باتوں سے معاملے کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کی بحث میں سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے سامنے آئے ہیں، ملک میں ہائبرڈ سسٹم چل رہا ہے اور اس نظام میں ہمارے علاوہ بھی پارٹنرز موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی مسائل کے پیش نظر نئے صوبوں کے قیام کی بازگشت ایک بار پھر ملکی سیاست کا گرم ترین موضوع بنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے سال میں نیا نظام دیکھنے کو ملے گا،خواجہ آصف نے بڑا دعویٰ کردیا
اس معاملے پر جہاں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے حلقوں میں مثبت اشارے مل رہے ہیں، وہیں پیپلز پارٹی کی جانب سے بالخصوص صوبہ سندھ کی تقسیم کے کسی بھی تصور پر شدید ردعمل اور مزاحمت کا اظہار کیا گیا ہے، جس کے باعث حکمران اتحاد کے اندر سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔




