وزیراعظم شہباز شریف کے مشیربرائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ نواز شریف کا تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ پارٹی قیادت اور میاں نواز شریف کا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر افتخار گیلانی پارٹی صدر شاہ غلام قادر کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ،منانے کی کوشش
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کیلئے مشکل فیصلہ تھا کیونکہ 4امیدوار تھے لیکن فیصلہ افتخار گیلانی کے حق میں ہوا ، اس فیصلے سے کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی گئی۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ شاہ غلام قادر پارٹی کے صدر ہیں، وہ ہر قیمت پر ساتھ رہیں گے، بیرسٹر افتخار گیلانی انہیں اور راجا فاروق حیدر کو ٹیم میں شامل کریں گے۔
یاد رہے کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر ممبراسمبلی بننے والے مسلم لیگ ن کے افتخار گیلانی آزادکشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان نے 14ووٹ حاصل کئے۔
افتخار گیلانی پہلی بار 2011میں منتخب ہوکر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے، افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکے ہیں ۔
یہ بھی یاد رہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی کی نامزدگی پر مسلم لیگ(ن) کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے راجہ فاروق حیدر کو ان کے گھر جا کر ووٹ ڈالنے کیلئے منا لیا تھا لیکن شاہ غلام قادر اسمبلی میں ووٹ ڈالنے نہیں گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کا انٹرنیٹ سروس بحالی ،تعلیمی ادارے ، آمدورفت کھولنے کا اعلان
گزشتہ روز وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے شاہ غلام قادر کی بنی گالا میں ان کی رہائشگاہ پر جاکر ملاقات کی ہے اور انہیں منانے کی بھی کوشش کی ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر افتخار گیلانی نے شاہ غلام قادر سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی سرپرستی کریں۔




