لندن (کشمیر ڈیجیٹل) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (ہاؤس آف لارڈز)، لندن میں منعقدہ بین الاقوامی انسانی حقوق سیمینار میں شرکت کی۔
سیمینار کا موضوع ’’مصنوعی ذہانت کی جنگیں اور انسانی حقوق‘‘ تھا، جس کا اہتمام دی وزڈم ٹرسٹ نے کیا، جبکہ میزبانی لارڈ برینن کے سی نے کی۔
سیمینار میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لارڈز، اراکینِ برطانوی پارلیمنٹ، ممتاز بیرسٹرز، قانونی ماہرین، جامعات کے پروفیسرز، انسانی حقوق کے اسکالرز اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:سردار میر اکبر خان اور چوہدری محمد سعید کا میرپورٹیچنگ ہسپتال کا دورہ
اس موقع پر چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے جنگوں کی نوعیت تبدیل کر دی ہے اور انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ مشینیں یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر رہی ہیں کہ کون زندہ رہے گا اور کون اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے مثبت اور تعمیری استعمال کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم اس کے منفی اثرات، بالخصوص جنگی استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر بین الاقوامی قانون سازی ناگزیر ہے۔
انہوں نے غزہ، یوکرین اور ایران میں جنگی کارروائیوں کے دوران مصنوعی ذہانت کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اہداف کے تعین اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال عام شہریوں، خواتین اور بچوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگی قوانین کے بنیادی اصول، جن میں امتیاز، تناسب اور جوابدہی شامل ہیں، مصنوعی ذہانت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کسی خودکار نظام کے نتیجے میں کسی بے گناہ شہری کی جان چلی جائے تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟۔
چیف جسٹس نے اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 47 کا حوالہ دیتے ہوئے مسئلہ جموں و کشمیر اور وہاں انسانی حقوق کی صورت حال کو بھی عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 1947 سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چہرے کی شناخت، ڈرون نگرانی اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کو انسانی آزادیوں اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے تابع ہونا چاہیے۔
جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خودکار ہتھیاروں پر پابندی کیلئے ایک مؤثر اور پابند بین الاقوامی معاہدہ تشکیل دیا جائے، انسانی جان لینے کے ہر فیصلے میں بامعنی انسانی نگرانی یقینی بنائی جائے اور ریاستوں کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھی قانونی جوابدہی کے دائرے میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت انسانیت کی خادم ہونی چاہیے، اس کی حاکم یا انسانی جان لینے والی قوت نہیں۔ سیمینار کے اختتام پر چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور دی وزڈم ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین بورڈ آف ٹرسٹیز مسٹر گراہم سوپر کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا۔
دریں اثنا ء دورہ برطانیہ کے دوران بیرسٹر قمر بلال نے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کو اپنے چیمبر ایڈم برنارڈ سولیسٹرز کا دورہ کروایا اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے درمیان تاریخی، نظریاتی اور جذباتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ لازوال ہے اور پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت اور ان کے حق خودارادیت کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کے تاریخی نعرے ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں اور ان کے باہمی تعلقات ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
اس موقع پر بیرسٹر قمر بلال نے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر کی شرکت اور دورہ برطانیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی فورم میں ان کی شرکت آزاد کشمیر کی عدلیہ کی عالمی سطح پر نمائندگی اور انسانی حقوق، بین الاقوامی قانون، جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے۔
مزید برآں، دورہ برطانیہ کے دوران چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے بیرسٹر قمر بلال کے ہمراہ تاریخی قانونی ادارے لنکنز اِن کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کیلئے خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
چیف جسٹس آزاد کشمیر نے کہا کہ لنکنز اِن کو یہ تاریخی اعزاز حاصل ہے کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اسی ادارے سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور یہاں سے بار ایٹ لاء کی سند حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ لنکنز اِن کا قائداعظم سے تاریخی تعلق اس ادارے کو پاکستان اور برطانیہ کے قانونی و عدالتی روابط کے حوالے سے خصوصی اہمیت عطا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہم اچھے لوگوں کیساتھ اچھے ہیں اور برے لوگوں کیساتھ بہت برے، آئی جی کیپٹن (ر) لیاقت ملک
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان مضبوط، باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلق انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وکلا ءعدالتی نظام کا اہم حصہ ہیں اور عدلیہ و وکلا کے درمیان مضبوط روابط سے انصاف کے اداروں کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور برطانیہ کی قانونی برادری کے درمیان علمی، پیشہ ورانہ اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیف جسٹس کا لنکنز اِن کا یہ دوسرا دورہ اس تاریخی ادارے کیساتھ ان کے خصوصی علمی و قانونی تعلق اور بار و بینچ کے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت کا عکاس ہے۔




