چھٹا سالانہ اسٹوڈنٹ ایجوکیشن ایکسپو میرپور میں کامیابی سے اختتام پذیر، 3,697 افراد کی شرکت

 میرپور ( کشمیر ڈیجیٹل)چھٹا سالانہ اسٹوڈنٹ ایجوکیشن ایکسپو میرپو  تمام سیگمنٹس کی کامیاب تکمیل کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔ ایکسپو میں طلبہ و طالبات، اساتذہ، پرنسپلز، والدین اور انتظامیہ کے نمائندوں سمیت مجموعی طور پر 3,697 افراد نے شرکت کی۔

ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح ڈاکٹر ریاض نے کیا۔ یوسف الماس نے طلبہ کو کیریئر کاؤنسلنگ فراہم کرتے ہوئے مستقبل کے تعلیمی و پیشہ ورانہ فیصلوں کے حوالے سے رہنمائی کی۔

 امیر جماعتِ اسلامی ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے بطور مہمانِ خصوصی  شرکت کی اور خصوصی خطاب کیا، جبکہ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان، اہتشام الحسن بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:مصنوعی ذہانت کی جنگوں میں انسانوں کے تحفظ کیلئے عالمی قوانین ناگزیر، راجہ سعید اکرم خان

میڈیا کی نمائندگی راجہ سہراب خان، سیکرٹری جنرل کشمیر پریس کلب میرپور و چیف ایڈیٹر روزنامہ کشمیر نامہ سمیت دیگر صحافی حضرات نے کی۔

منتظمین کے مطابق ایکسپو کا بنیادی مقصد آزاد کشمیر کے طلبہ، پرنسپلز، خاندانوں اور انتظامیہ کو ایک صحت مند، مثبت اور حوصلہ افزا ماحول فراہم کرنا تھا۔

 ایسے وقت میں جب خطے میں مایوسی اور بے یقینی پھیلانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اس ایکسپو کے ذریعے نوجوانوں میں امید، اعتماد اور تعمیری سوچ کو فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔

 منتظمین نے واضح کیا کہ یہ سرگرمی مکمل طور پر تعلیمی اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے منعقد کی گئی۔

ایکسپو کے دوران طلبہ نے مختلف مقابلوں اور سرگرمیوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جبکہ اساتذہ اور انتظامیہ نے بھی اس اقدام کو سراہا اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔

 طلبہ میں تحائف تقسیم کرنے کیلئے انعام گھر قائم کیا گیا جبکہ مقابلوں کے فاتحین اور باصلاحیت طلبہ کو ٹیلنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔

ایکسپو کے اختتام پر ڈائریکٹر ایکسپو فیضان اشتیاق نے تمام مہمانانِ گرامی، اساتذہ، پرنسپلز، والدین، شریک طلبہ، سپانسرز اور میڈیا کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکسپو ہمارے طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ کے باہمی تعاون اور حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سینٹرل یونین آف جرنلسٹس جہلم ویلی کی جنرل باڈی تشکیل،اسرار ہمدانی صدرمنتخب

ہمارا مقصد آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو ایک مثبت، صحت مند اور حوصلہ افزا ماحول فراہم کرنا تھا، انہوں نے کہا کہ 3,697 افراد کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے طلبہ اور خاندان تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 ہم آئندہ بھی ایسی تعلیمی اور تعمیری سرگرمیاں جاری رکھیں گے تاکہ ہمارے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بہتر ین مواقع میسر آ سکیں۔