رٹھوعہ ہریام پل کا سٹرکچر20سال بعد مکمل، عوام کا اظہار تشکر

میرپور:منگلا جھیل پر تعمیر ہونیوالا تاریخی رٹھوعہ ہریام پل کا سٹرکچرآخر 20سال بعد مکمل ہوگیا جس پر پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ریزیڈنٹ انجینئر نیسپاک کو مبارکباد ی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق رٹھوعہ ہریام پل مکمل ہو گیا ہے اور پل کے دونوں حصے باقاعدہ طور پر آپس میں جڑ گئے ہیں،یہ اہم منصوبہ طویل عرصے سے نامکمل تھا جس کی تکمیل کا علاقہ مکین بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:رٹھوعہ ہریام پل: آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے ویری ایشن آرڈر میں دو سال تاخیر، پاکستان کو 3 ارب روپے سے زائد کا نقصان

اس موقع پرپراجیکٹ ڈائریکٹر رٹھوعہ ہریام برج انجینئر انعام الحق نے سٹرکچر کی تکمیل پر ریزیڈینٹ انجینئر نیسپاک ادریس کھوکھر کو مبارکباددی اور اس اہم منصوبہ کی تکمیل پر کنسٹریکشن کمپنی اور جملہ انجینئر کی کاوشوں کو سراہا ہے۔

پل کی تکمیل سے کوٹلی، میرپور اور گردونواح کے علاقوں کے عوام کو آمدورفت میں بڑی سہولت میسر آئے گی اور اب کوٹلی سے میرپور کا سفر کم وقت میں طے کیا جا سکے گا۔

عوامی حلقوں نے پل کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے علاقے میں تجارتی اور سفری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

20سال سے التواء کے شکار منصوبے کیلئے کئی باراحتجاج بھی ہوئے،دو دہائیوں کے دوران مختلف حکومتیں برسرِ اقتدار رہیں، مگر یہ اہم منصوبہ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا۔

یہ بھی پڑھیں: رٹھوعہ ہریام بریج ہرصورت جولائی2026 تک مکمل کیا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بھی اسے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں شامل کیا تھا، یقیناً اس پل کی تکمیل کا سہرا سابق وزیراعظم چوہدری انورالحق کے سر بھی جاتا ہے جن کےدور میں کام شروع ہوا۔

یاد رہے کہ رٹھوعہ ہریام پل کا کام دونوں اطراف سے کرنے کے بعد ادھورا چھوڑ دیا گیا تھا جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔

Scroll to Top