میرپور ( کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیرکے وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ و باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آزاد جموں وکشمیر کے سردار میر اکبر خان نے ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد سعید کے ہمراہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا دورہ کیا،انہوں نے ہسپتال کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
سردار میراکبر خان نے ہسپتال کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے اور سیپج کا مسئلہ فوری طور پر و مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات کی، اس موقع پر متعلقہ کنٹریکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم گیلانی کاسی ایم ایچ فلائی اوور کا دورہ،45 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت
سردار میر اکبر خان کا ہسپتال آمد پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
دورے کے موقع پر وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ و باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار میر اکبر خان نے ہسپتال کی نئی تعمیر ہونے والی عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
وزیر فزیکل پلاننگ کو عمارت کے تعمیراتی کام، منصوبے کی موجودہ پیش رفت، تکمیل کے مراحل، درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ و باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے معائنہ کے دوران عمارت کے بعض حصوں میں سامنے آ نیوالی سیپج کا خصوصی نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹر کو اس مسئلے کا فوری اور مستقل بنیادوں پر حل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں معیار اور پائیداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے، ماندہ کام برق رفتاری کے ساتھ مکمل کرتے ہوئے منصوبے کو جلد پا ئیہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ہسپتال جیسے مفاد عامہ کی اہم عوامی ادارے کی تعمیر میں معیار، تکنیکی تقاضوں اور مریضوں کی ضروریات کو خصوصی اہمیت دی جائے تاکہ نئی عمارت کی تکمیل سے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی پارلیمانی پارٹی اجلاس، آزادحکومت کوٹف ٹائم دینے کافیصلہ
سردار میر اکبر خان نے کہا کہ یہ اقدامات وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی حکومت کی ترجیحات کے مطابق صحت کے شعبے کی بہتری، ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا حصہ ہیں ۔
اس موقع پر وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ و باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار میر اکبر خان اور ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد سعید کو میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔




