رٹھوعہ ہریام پل کی 25 سال بعد تکمیل، اہلیان میرپور اور اوورسیز کشمیریوں کا حکومت ،لیگی قیادت کو خراجِ تحسین

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)رٹھوعہ ہریام پل کی پچیس سالہ طویل انتظار کے بعد تکمیل پر میرپور کوٹلی و دیگر علاقوں میں سمیت آزاد کشمیر میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی۔

 شہریوں، تاجروں اور اوورسیز کشمیریوں نے اس اہم منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اس پل کی تکمیل کردار ادا کرنے والوں کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے عوامی ضرورت کی تکمیل اور تعمیر و ترقی کے سفر میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کشمیری رہنماؤں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی طویل قید تشویشناک، وزیراعظم شہبازشریف

شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی خصوصی توجہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی سرپرستی میں اس دیرینہ منصوبے کی تکمیل ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ پچیس سال سے عوام اس منصوبے کی تکمیل کے منتظر تھے اور آج اس انتظار کا خاتمہ میرپور کے عوام کے لیے خوشی کا باعث بنا ہے۔

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ مظفرآباد کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف،وزیراعظم افتخار گیلانی، محترمہ مریم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ودیگر کے ہمراہ اس اہم منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے منصوبے کو اہمیت دینے اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں :رٹھوعہ ہریام پل کا افتتاح،عوام کو بہترین سہولیات فراہمی کیلئے پرعزم ہیں،وزیراعظم شہبازشریف

 رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل اس بات کی عکاس ہے کہ عوامی ضرورت کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے تو طویل عرصے سے منتظر عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے اور مسلم لیگ ن کی وفاقی اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومت آزاد خطے میں ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے۔

اوورسیز کشمیریوں نے بھی اس اہم پیش رفت پر خوشی کا اظہار اور وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ ن کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرپور اور بیرونِ ملک آباد کشمیریوں کے لیے یہ منصوبہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ پل کی تکمیل سے رابطوں، آمدورفت، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔

شہریوں کے مطابق رٹھوعہ ہریام پل محض ایک پل نہیں بلکہ میرپور کے عوام کی پچیس سالہ امیدوں اور انتظار کی تکمیل کی علامت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :حکومت آزادکشمیر کو100روزہ پلان کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرینگے، وزیراعظم شہبازشریف

 منصوبے کی تکمیل پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے لیے عوامی سطح پر اظہارِ تشکر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ عوام اپنے دیرینہ مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اہمیت دیتے ہیں۔

میرپور ڈویژن کے شہریوں اور اوورسیز کشمیریوں نے امید ظاہر کی کہ وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت کے باہمی تعاون سے خطے میں تعمیر و ترقی کے مزید منصوبے مکمل ہوں گے۔

 وزیر اعظم افتخار گیلانی کی سربراہی میں آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے جس کے ثمرات آزاد کشمیر کے ہر علاقے تک پہنچیں گے۔