بیجنگ :بال جھڑنے اور گنج پن سے پریشان افراد کیلئے سائنسدانوں نے ایک نئی امید پیدا کر دی ہے۔
چین کے محققین نے ایک ایسا جدید الیکٹرانک کنگھا تیار کیا ہے جس نے تجربات کے دوران چوہوں کے سر پر ایک ماہ کے اندر تقریباً 100 فیصد بال دوبارہ اگانے کے نتائج دکھائے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تحقیق میں اس ٹیکنالوجی کے نتائج بالوں کی نشوونما کے لیے استعمال ہونے والی معروف دوا مائنوکسیڈل سے بھی بہتر سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی
چینی محققین کی تیار کردہ اس جدید ڈیوائس کو ’’ڈی ٹینگل‘‘ (D-TENG) کا نام دیا گیا ہے، جس میں خصوصی الیکٹروڈز نصب کیے گئے ہیں۔
الیکٹروڈز بالوں کی جڑوں کے گرد برقی میدان پیدا کرتے ہیں، جو برقی تحریک کے ذریعے بالوں کی دوبارہ نشوونما میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ادویات کو بالوں کی جڑوں تک پہنچانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق تجربات کے دوران اس الیکٹرانک کنگھے نے مردانہ طرز کے گنج پن سے متاثرہ چوہوں میں نمایاں نتائج دکھائے اور تقریباً ایک ماہ میں بالوں کی تقریباً مکمل بحالی ممکن ہوئی، جبکہ مائنوکسیڈل کے استعمال سے بالوں کی بحالی کی شرح تقریباً 70 فیصد رہی۔
یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر کی ٹیم نے پہلی نیشنل قازق قریشی ریسلنگ چیمپئن شپ میں چار برونز میڈلز جیت لیے
اس تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے ’’نیچر کمیونیکیشنز‘‘ میں شائع کیے گئے ہیں، جن میں اس نئی ٹیکنالوجی کو بالوں کے جھڑنے اور گنج پن کے علاج کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
محققین کے مطابق یہ جدید طریقہ مستقبل میں انسانوں میں گنج پن کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق درکار ہے۔
واضح رہے کہ فی الحال اس الیکٹرانک کنگھے کے تجربات صرف چوہوں پر کیے گئے ہیں۔ انسانوں میں اس کی افادیت، حفاظت اور ممکنہ نتائج کی تصدیق کے لیے کلینیکل ٹرائلز ہونا ابھی باقی ہیں۔ اس لیے اسے گنج پن کا ثابت شدہ علاج قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔




