باغ گرامر اسکول کے طلباء نے کراچی میں منعقدہ مقابلے میں صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا

باغ( کشمیر ڈیجٹیل ) آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے طلباء نے کراچی میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں، ذہانت اور کاروباری فکر کا لوہا منوا لیا۔

باغ گرامر سکول کی طالبہ تحریم شہزاد نے کشمیر اے آئی کے نام سے سیاحوں کی رہنمائی کے لیے جدید ٹورسٹ گائیڈ ایپ متعارف کروا کر مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

آغا خان بورڈ کے زیر اہتمام پیس کالج کراچی میں منعقدہ ان مقابلوں میں ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں سے تقریباً تین ہزار طلباء نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں :مظفرآباد: سنوکر مقابلے، فاتح کوقومی سطح پر کھیلنے کا موقع ملے گا
مقابلے کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں تخلیقی سوچ، کاروباری صلاحیتوں اور نئے بزنس آئیڈیاز کو فروغ دینا تھا۔
چار مختلف مراحل پر مشتمل اس مقابلے میں باغ گرامر سکول کے مجموعی طور پر 69 طلباء نے حصہ لیا، جن میں سے چار طلباء نے آخری مرحلے تک رسائی حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

تحریم شہزاد کا پیش کردہ کشمیر اے آئی محض ایک کاروباری آئیڈیا نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کشمیر کی سیاحتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے متعارف کروانے کی ایک قابلِ تحسین کوشش ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :ملازمت کا انتظار ختم! نوجوان اب اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، اہم ادارے کا بڑا اقدام

نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو اسلام آباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے باغ سرکٹ ہاؤس کے ہیلی پیڈ پر پہنچایا گیا، جہاں طلباء، اساتذہ اور سکول انتظامیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

 طالبات اور کالج انتظامیہ نے صحافیوں کو مقابلے کے مختلف مراحل، طلباء کی تیاری اور کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

 ضرورت صرف ایسے مواقع، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ہے جو نوجوان ذہنوں کو روایتی تعلیم سے آگے بڑھ کر تخلیق، تحقیق، کاروبار اور جدید ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کا موقع فراہم کریں۔