مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) تیم بچوں کی تعلیمی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ہنرمند نوجوانوں کو عملی زندگی میں خودمختار بنانے کے جذبے کے تحت ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ (HHRD) کے زیر اہتمام مظفرآباد میں ’’ہائی اچیورز ایوارڈز 2026‘‘ کی پروقار تقریب کا انعقاد۔
تقریب میں جس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات اور فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔
تقریب کا بنیادی مقصد یتیم اور مستحق بچوں کی تعلیمی کامیابیوں کا اعتراف، نوجوانوں کی فنی صلاحیتوں کو سراہنا اور انہیں تعلیم و ہنرمندی کے ذریعے باعزت روزگار اور معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں :ٹیوٹا آزاد کشمیر:تکنیکی و پیشہ ورانہ کورسز میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع
تقریب میں چیئرمین و ایکس آفیشو سیکرٹری آزاد کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (اے جے کے ٹیوٹا) عامر محمود مرزا، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے قاضی عنایت، ڈائریکٹر ہیلپنگ ہینڈ امجد محمود امجد، ریجنل منیجر ہیلپنگ ہینڈ محمد ارشد خان اور ریجنل ایجوکیشن آفیسر محمد وقاص چغتائی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے آرفن بچوں میں نقد انعامات، سائیکلیں، ریموٹ کنٹرول کاریں اور دیگر خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔
انعامات کا مقصد بچوں کی محنت، لگن اور تعلیمی کارکردگی کو سراہنے کے ساتھ ان کے اندر مزید آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنا تھا۔انعامات اور تحائف ملنے پر بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسرت کے جذبات نمایاں رہے۔
تقریب کا ایک اہم اور قابلِ تحسین پہلو اسکلز سینٹرز سے فنی تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی تھا۔
مختلف فنی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ہائی اچیورز میں متعلقہ شعبوں کی ٹول کٹس تقسیم کی گئیں تاکہ وہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو عملی زندگی میں استعمال کرتے ہوئے چھوٹے کاروبار شروع کر سکیں اور باعزت روزگار کے ذریعے اپنے خاندانوں کی کفالت کا ذریعہ بنیں۔
یہ اقدام نوجوانوں اور خواتین کو صرف فنی تربیت فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ انہیں خودروزگاری، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی خودمختاری کے عملی مواقع فراہم کرنے کی ایک مؤثر کوشش بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :مریم نواز کے ہنر مندی منصوبوں کی آزاد کشمیر میں بھی گونج، ٹیوٹا نے بڑا فیصلہ کر لیا
مقررین نے ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی تعلیمی، فلاحی اور فنی تربیت کے شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار اس کی نوجوان نسل کو معیاری تعلیم، جدید فنی مہارتوں اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرنے پر ہوتا ہے۔
یتیم اور مستحق بچوں کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں معاشرے کا بااعتماد اور مفید شہری بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
چیئرمین و ایکس آفیشو سیکرٹری اے جے کے ٹیوٹا عامر محمود مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ نوجوانوں اور خواتین کو فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے اور انہیں روزگار کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اسکلز سینٹرز کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھانے اور تربیت مکمل ہونے کے بعد انہیں ٹول کٹس فراہم کرنے کا اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے نوجوان ملازمت کے انتظار کے بجائے اپنے ہنر کو ذریعہ معاش بنا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پیپلزپارٹی آزادکشمیر پارلیمانی پارٹی کااہم اجلاس،سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال
عامر مرزا نے کہا کہ تعلیم، فنی تربیت اور خودروزگاری کے فروغ کے ذریعے مستحق بچوں اور نوجوانوں کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ایک روشن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔
آرفن بچوں کی تعلیمی کامیابیوں کا اعتراف اور ہنرمند نوجوانوں کو عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے وسائل کی فراہمی انفرادی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ معاشرے میں خودانحصاری، محنت اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتی ہے۔
مقررین کا کہا کہ اگر یتیم اور مستحق بچوں، نوجوانوں اور خواتین کو مناسب رہنمائی، حوصلہ افزائی اور ضروری وسائل میسر ہوں تو وہ زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں
ہنر مند نوجوانوں کو عملی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ٹول کٹس کی فراہمی ایک ایسا مثبت قدم ہے جو انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور اپنے خاندانوں کی کفالت کے قابل بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ مستحق بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا، ان کے اعتماد کو مضبوط بنانا اور نوجوان نسل کو اپنے مستقبل کا معمار بنانے کے لیے وسائل فراہم کرنا محض ایک فلاحی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مضبوط، خودمختار اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اہم سرمایہ کاری ہے۔




