رٹھوعہ ہریام پل کا افتتاح،عوام کو بہترین سہولیات فراہمی کیلئے پرعزم ہیں،وزیراعظم شہبازشریف

مظفرآباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نو تعمیر شدہ رٹھوعہ ہریام (Rathoa Haryam) پل کی تختی کی نقاب کشائی کرکے پل کا افتتاح کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف، آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سید افتخار علی گیلانی بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف،نواز شریف، مریم نواز کا دورہ،مظفرآباد میں بڑی بیٹھک، اہم فیصلے

وزیر اعظم شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے،پل کی تعمیر سے میرپور اور گردونواح کے علاقوں کے درمیان آمدورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے مقامی آبادی کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،وفاقی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

 قبل ازیں مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی  امور کے حوالے سے گفتگوکی گئی ،آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کے بھی فعال کردار کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کشمیری عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر پوری توانائی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف، قائد ن لیگ میاں نوازشریف اور مریم نواز مظفرآباد پہنچ گئے

دریں اثناء وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اسلام آباد واپس روانہ ہو گئے جبکہ میاں نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نجی دورے پر وادی نیلم دوھنیال تہجیان کے لئے روانہ ہوگئے ہیں

مظفرآباد نواز شریف رات تہجیاں نیلم میں قیام کریں گے اورکل تائوبٹ میں مختصر قیام کے بعد واپس روانہ ہوں گے۔