نیلم ویلی: پینی اپیل آسٹریلیا کے تعاون سے تعمیر تعلیمی عمارت کا افتتاح

نیلم(کشمیر ڈیجیٹل) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (نسواں) کی کوششوں سے یونین کونسل جورا/اشکوٹ کے علاقے نکہ بانڈی میں بچیوں کو معیاری تعلیم کیلئے اہم پیشرفت سامنے آگئی۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پینی اپیل آسٹریلیا سعید حسن خان نے پینی اپیل آسٹریلیا اور کمیونٹی سروسز پروگرام کے تعاون سے خدیجۃ الکبریٰ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نکہ بانڈی کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کر دیا۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نیلم شیما میر نے افتتاحی تقریب کی میزبانی کی جبکہ اس موقع پر پینی اپیل پاکستان کے ہیڈ آف پروگرامزاشفاق احمد اور پروجیکٹ آفیسر مسٹر آفاق احمد بھی موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں کی اس کاوش کو دور دراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم تک رسائی بہتر بنانے اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے قابلِ تحسین قرار دیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی (ف) میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، اہم رہنما نے علیحدگی اختیار کر لی

پینی اپیل اور کمیونٹی سروسز پروگرام (CSP) کے اشتراک سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ سرکاری و فلاحی اداروں کے باہمی تعاون کی ایک مثبت مثال ہے۔

منصوبے کے تحت سکول میں دو تدریسی کمروں، ایک پرنسپل آفس اور تین واش رومز پر مشتمل عمارت تعمیر کی گئی ہے۔

جبکہ سکول کو شمسی توانائی کی سہولت، تعلیمی سامان، طلبہ کے لیے فرنیچر اور ایسا تعلیمی ماحول بھی فراہم کیا گیا ہے جو بچیوں میں سیکھنے، تحقیق اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

تقریب میں کمیونٹی سروسز پروگرام (CSP) کے چیئرمین مسٹر صدیق حسین، مقامی کمانڈنگ آفیسر، محکمہ تعلیم کے افسران، مقامی عمائدین، سول سوسائٹی اور کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

عوام علاقہ نے تعلیمی منصوبے کو علاقے کی بچیوں کے روشن مستقبل کیلئے ایک قابلِ تحسین اقدام قراردے دیا۔

امید ظاہر کی کہ منصوبے سے نیلم ویلی کی بچیوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا اور وہ علم و ہنر سے آراستہ ہو کر معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں گی۔