عوامی حقوق کے نام پر بچوں کا مستقبل قربان کردینا کہاں کی دانشمندی ہے ؟ صدر آزاد کشمیر نے کالعدم ایکشن کمیٹی کو آئینہ دکھا دیا

اسلام آباد  صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ سدھنوتی اور پونچھ کے علاقوں کا پاکستان کی مسلح افواج سے گہرا تعلق ہے، ہر گھر میں فوجی خدمات کی مثال موجود ہے۔

پونچھ کے قبرستان شہداء کی قربانیوں کی گواہی دیتے ہیں، اس خطے کا ہر دور میں دفاع پاکستان میں نمایاں کردار رہا ہے۔آزاد کشمیر میں حقوق کے نام پر جاری مطالبات کا زمینی حقائق کی روشنی میں جائزہ لینا ضروری ہے۔

آزاد کشمیر کی نئی حکومت حقوق کے مطالبات سے ایک قدم آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی جانب بڑھ رہی ہے۔آزاد کشمیر میں صحت اور تعلیم کے اداروں کی بندش جیسے مطالبات سے عوامی مفادات متاثر ہو رہے ہیں۔

:یہ بھی پڑھیں بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان ، کیپٹن محمد حسین تاریخ کا روشن باب،ڈاکٹر نجیب نقی

آزاد کشمیر میں بجلی کی فراہمی کا نظام پاکستان کے کئی علاقوں سے پہلے قائم ہو چکا تھا۔آزاد کشمیر میں تعلیمی شعبے میں فی استاد طلبہ کا تناسب عالمی معیار سے بہتر ہے،آزاد کشمیر میں سڑکوں کا نیٹ ورک اور بنیادی سہولیات کئی پاکستانی اضلاع سے بہتر ہیں۔

آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں سے بھی ایک گھنٹے میں سب ڈویژن اور دو گھنٹے میں ضلعی ہیڈکوارٹر پہنچنا ممکن ہے۔

آزاد کشمیر کو اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں ایک مکمل حکومتی اور انتظامی نظام ملا۔گلگت بلتستان کو بھی پاکستان کے ساتھ آزادی کے وقت وہی انتظامی سیٹ اپ میسر نہیں آ سکا جو آزاد کشمیر کو ملا،پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان محبت اور اعتماد کا رشتہ آج بھی مضبوط ہے۔

یہ بھی پڑھیں آئین، قانون اور عوامی مفاد مقدم ،امن و مان یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرینگے، نجیب نقی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں کشمیریوں کو کبھی اجنبیت یا امتیازی سلوک کا احساس نہیں ہوا۔کسی علاقے کو ترقیاتی عمل اور اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں ہونا چاہیے،علاقے کی ترقی رکنا اور عوامی نمائندگی ختم ہونا کسی صورت قابل قبول نہیں،موجودہ صورتحال میں دانش مندی اور تحمل سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے دروازے پہلے بھی کھلے تھے اور آج بھی کھلے ہیں۔مقامی قیادت اور متعلقہ فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے، امید ہے مسائل کا پرامن حل نکل آئے گا۔عوامی مسائل کا حل تصادم نہیں بلکہ بامقصد مذاکرات اور پرامن جدوجہد میں ہے۔