بچوں کی صحت کے تحفظ کیلئےمحکمہ صحت کا بڑا اقدام، کوٹلی میں خصوصی مہم شروع

کوٹلی (بیورورپورٹ) آزاد کشمیر ڈی وارمنگ انیشی ایٹو (AJK Deworming Initiative) کے راؤنڈ ششم کے سلسلے میں کمیونٹی لیڈ ٹرینرز (CLTs) کا تربیتی و تعارفی سیشن کاانعقاد۔ 

سیشن میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) یاسمین اختر، ذکیہ قیوم، فریحہ ناز، ڈاکٹر منیبہ آفتاب، شکیل احمد خان، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایم یاسین، عامر رضا، شہباز الحسن، عادل خورشید اورنثار احمد سمیت دیگر شرکاء موجود تھے۔

سیشن کے دوران ڈی وارمنگ مہم کے اغراض و مقاصد، بچوں میں پیٹ کے کیڑوں سے پیدا ہونے والی بیماریوں، ان کے مضر اثرات، احتیاطی تدابیر اور علاج کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :پاک فوج اور محکمہ صحت آزاد کشمیر کے اشتراک سے ایل او سی پر ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ

شرکاء کو بتایا گیا کہ پیٹ کے کیڑے ایسے طفیلی جاندار ہیں جو انسانی آنتوں میں رہ کر جسم کی غذا اور غذائی اجزاء سے اپنی خوراک حاصل کرتے ہیں۔ یہ کیڑے آنتوں میں انڈے دیتے ہیں جو انسانی فضلے کے ذریعے ماحول میں خارج ہوتے ہیں۔

 نامناسب صفائی و حفظانِ صحت کے باعث مٹی اور دیگر ذرائع سے دوبارہ انسانی جسم میں داخل ہو سکتے ہیں۔اجلاس میں زور دیا گیا کہ بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد ناگزیر ہے۔

 سبزیوں، پھلوں اور سلاد کو صاف پانی سے دھونے، کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھوں کی صفائی، صاف پانی کے استعمال اور ماحول کو صاف رکھنے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :3.24 کروڑ پاکستانی ذہنی امراض، 1.29 کروڑ ہیپاٹائٹس کا شکار، وزارت قومی صحت

شرکاء کو بتایا گیا کہ ڈی وارمنگ مہم کے تحت 5 سے 14 سال تک کی عمر کے بچوں کو سال میں ایک مرتبہ میبینڈازول (Mebendazole) 500 ملی گرام کی گولی دی جاتی ہے، جو پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے اور ان سے بچاؤ کے لیے مؤثر دوا ہے۔

 تربیتی سیشن کا بنیادی مقصد کمیونٹی لیڈ ٹرینرز کو ڈی وارمنگ مہم کے حوالے سے مؤثر تربیت فراہم کرنا، بچوں اور والدین میں آگاہی پیدا کرنا اور محکمہ تعلیم و محکمہ صحت کے باہمی تعاون سے راؤنڈ ششم کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے عملی تیاریوں کو یقینی بنانا تھا۔