نیلم ویلی، باغ، حویلی، لیپا میں بارش،برفباری،سیاحوں کیلئے انتباہ

وادی نیلم،کوٹلی،باغ، حویلی،وادی لیپہ (کشمیر ڈیجیٹل سے) باغ، حویلی، وادی لیپا، کوٹلی،نیلم ویلی سمیت آزادکشمیر بھر میں موسمِ سرما کی پہلی بارش ،برفباری نے موسم کا رنگ بدل دیا۔

پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ کر وادی کے حسن کو چار چاند لگا دیئے۔بارش کےباعث سردی کی شدت میں اضافہ، لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑے نکال لئے۔

بارش اور پہاڑوں پر برف کی سفید تہہ نے قدرتی مناظر کو مزید دلکش بنا دیا ہے جس سے وادی نیلم کی خوبصورتی میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں وقفے وقفے سے بارش، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سامنے آ گئی

موسم کی پہلی بارش کے بعد وادی میں سرد ہواؤں کا راج ہے جبکہ سرسبز پہاڑوں، بلند چوٹیوں اور قدرتی حسن سے مالا مال مقامات نے حسین منظر پیش کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

موسم کے اس دلکش تغیر نے سیاحوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کر لیا ہے اور خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے وادی نیلم کا رخ کر لیا ہے۔

قدرتی حسن، پہاڑوں پر سفیدی اور سرد موسم کے حسین امتزاج نے وادی کو مزید پُرکشش بنا دیا ہے۔

نیلم انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کو ہدایت جاری، سیاح وادی کے بالائی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق معلومات ضرور حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آزاد کشمیر بھر کی طرح ضلع کوٹلی میں بھی بارش کا سلسلہ صبح اٹھ بجے سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں سردی کا موسم شروع ہو چکا ہے۔

وادیٔ لیپہ میں تیز بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

سردی بڑھنے کے ساتھ ہی مقامی لوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے ہیں، جبکہ گھروں میں انگیٹھیاں بھی جلانا شروع کر دی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 15 اکتوبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

وادیٔ لیپہ میں موسم کی اچانک تبدیلی کے باعث سردیوں کی آمد کا احساس مزید بڑھ گیا ہے۔۔