عوامی مسائل،تعلیم ،صحت سہولیات پر ہرگزسمجھوتہ نہیں کرینگے،ڈپٹی کمشنر باغ

باغ(کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر باغ سید ممتاز حسین کاظمی ضلعی آفیسران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ جات عوامی مسائل حل کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل عوام کی دہلیز پر حقیقی معنوں میں ہوتا ہوا نظر آئے گا تو ہی اداروں کے قیام کا مقصد پورا ہو گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کاہائپرسونک بیلسٹک میزائل فتح 2 کا کامیاب تجربہ

ممتاز حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ جائز کام کیلئے دفاتر کے چکر لگوانے کا سلسلہ نہیں ہونا چاہیے ،اداروں کے آپس میں روابط مسائل کے جلد حل میں معاون ثابت ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی ذمہ داریوں کو ہر صورت ادا کریں، تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے کسی قسم کی تجاوزات قابل قبول نہیں ہونگی۔

ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ اہم شاہراہوں سمیت دیگر سڑکوں کے پیچ ورک کو جلد مکمل کیا جائے، باغ کے شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بجلی کے کنکشن منقطع کر کے بجلی چوری کو روکا جائے،بغیر این او سی مکانات کی تعمیر جو برقی لائنوں کے نیچے ہو رہی ہو اسے ہر صورت روکا جائے۔

ممتاز کاظمی کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کے منصوبوں کی شفافیت کو برقرار رکھنےکیلئے متعلقہ آفیسران فیلڈ کا دورہ کریں تاکہ عوام کیلئے آنے والا پیسہ گراؤنڈ پر لگ سکے۔

محکمہ صحت کے ذمہ داران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈاکٹرز سمیت سٹاف ہمہ وقت حاضر رہے تا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں مشکلات پیش نا آئیں۔

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کی ڈسپنسریوں میں بھی سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، میونسپل کارپوریشن صفائی کے اقدامات میں مزید تیزی لائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چوہدری رضوان چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ تعینات،نوٹیفکیشن جاری

مجسٹریٹس پرائس کنٹرول چیکنگ کو یقینی بنائیں اور عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے طے شدہ ریٹس پر عملدرآمد کروایا جائے۔

محکمہ تعلیم اساتذہ کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنائے بچوں کے مستقبل کیساتھ کسی صورت کوئی لا پرواہی قابل قبول نہیں ہو گی۔

مدارس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی آفیسران کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تمام محکمہ جات کے ضلعی آفیسران موجود تھے جنہوں نے اپنے اپنے محکمہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی مکمل کردہ منصوبہ جات اور زیر تعمیر منصوبہ جات بھی زیر غور لائے گئے ۔

زیر تعمیر منصوبہ جات کی جلد تکمیل کے احکامات بھی دیئے گئے جبکہ آئندہ کے لیے اہداف بھی طے کیے گئے جن پر آئندہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو پراگریس رپورٹ دی جائے گی۔