اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )علاقہ چھچھ سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک محمد شمشیر اسلم خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، ملکی حالات، علاقائی معاملات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید بھی موجود تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:منصوبوں کے اعلانات کافی نہیں، بروقت تکمیل، معیار،موثر مانیٹرنگ ناگزیر، افتخار گیلانی
دونوں کے ددرمیان ملاقات کے دوران ملک محمد شمشیر اسلم خان نے افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کی نئی قیادت عوامی مسائل کے حل، خطے میں ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ اور انتظامی نظام میں بہتری کیلئے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
ملک محمد شمشیر اسلم خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیح دینے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ حکومت گڈ گورننس اور شفاف طرز حکمرانی کے ذریعے عوام کا اعتماد مزید مضبوط کرے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بنیادی توجہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور خطے کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے پر مرکوز ہے۔
ان کے مطابق صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کیلئے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھمبر: خصوصی بچوں نے وزیراعظم افتخار گیلانی کے قافلے پر پھول نچھاور کردیئے
ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں شخصیات نے عوامی مسائل اور علاقائی ترقی کے حوالے سے رابطے جاری رکھنے اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔




