مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر ڈیجیٹل نے آزادکشمیر میں شرپسندوں سے برآمد ہونیوالے اسلحے کا سراغ لگالیا۔ بھارت سے سپلائی کئے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق کشمیر ڈیجیٹل نے آزاد کشمیر میں بھارتی دہشتگردی اور تخریب کاری کے بہت بڑے نیٹ ورک کا پردہ چاک کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو ٹی ٹی پی کے ذریعے بھاری اسلحہ فراہم کئے جانے کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آ گیا ۔
کالعدم ایکشن کمیٹی آزاد کشمیر میں بھارت کی سی ٹیم کے طور پر افغان طالبان کیساتھ ملکر کام کر رہی ہے جس کا واحد مقصد اپنے بھارتی آقاؤں کو خوش کرنا اور ریاستِ پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی: مسلح جتھے کیخلاف کارروائی، 8 شرپسند گرفتار، دستی بم، بھاری اسلحہ برآمد، پولیس حکام
آزادکشمیر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آج ایک انتہائی اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 8 شرپسندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈز، کارتوس اور دیگر تباہ کن جدید اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
اس کارروائی کے بعد کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے نام نہاد پرامن ہونے کا بھانڈا بیچ چوراہے پھوٹ گیا جبکہ گرفتار ملزمان کے سرغنہ نے اپنے اعترافی بیان میں اس خونی سازش کے تمام تانے بانے بھی کھول کررکھ دیئے ہیں۔
واضح رہے کہ کشمیر ڈیجیٹل نے گزشتہ روز ہی اس حوالے سے ایک تہلکہ خیز خبر بریک کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی ایما پر کالے کپڑوں میں ملبوس تربیت یافتہ شرپسند عناصر کو ان کے جتھوں میں شامل کیا گیا ہے۔
کشمیر ڈیجیٹل کی جانب سے بھارتی ایجنسی’’را‘‘ اور ایکشن کمیٹی کے گٹھ جوڑ کا قبل از وقت پردہ چاک کئے جانے پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے فوراً حرکت میں آئے جس کے نتیجے میں آج اسلحہ پکڑا گیا اور آزاد کشمیر کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی تیاری کرنے والے یہ شرپسند عناصر اپنے انجام کو پہنچے۔
معتبر ذرائع کے مطابق بھارت نے کابل کے راستے کالے کپڑوں میں ملبوس تحریک طالبان کشمیر کے شرپسندوں کے زریعے آزادکشمیر میں بھاری فنڈنگ اور اسلحہ سپلائی کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کی لاک ڈاؤن کی کال مسترد، آزاد کشمیر بھر میں معمولاتِ زندگی بحال
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بھارت، افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے ذریعے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کارندوں کو استعمال کر رہا ہے تاکہ ریاست آزاد کشمیر اور پاکستان کے امن و امان کو سبوتاژ کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق، گزشتہ سال بنیان مرصوص میں بدترین ہزیمت اٹھانے کے بعد بزدل بھارت اب براہ راست پاکستان سے جنگ لڑنے کی ہمت تو نہیں رکھتا، تاہم وہ مسلسل پراکسی وارز کا سہارا لے رہا ہے۔
بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعد اب آزاد کشمیر کو بھی اس مذموم کھیل کا حصہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن حساس اداروں کی بروقت کارروائیوں نے بھارتی سازشوں کو ایک بار پھر خاک میں ملا دیا ہے۔




