نومنتخب ارکان کشمیر کونسل کی حلف برداری، وزیراعظم شہباز شریف حلف لیں گے

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کونسل کے نومنتخب ارکان کی تقریبِ حلف برداری کل منعقد ہوگی۔

جس میں وزیراعظم پاکستان اور کشمیر کونسل کے چیئرمین محمد شہباز شریف نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

کشمیر کونسل کی چار خالی نشستوں پر نئے ارکان کے انتخاب کے بعد کونسل کی تشکیل کے عمل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے 2 اکتوبر کو چار کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جن میں مظفرآباد سے چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری منظور احمد، باغ سے راجہ مشتاق منہاس جبکہ میرپور سے چوہدری محمد سعید شامل ہیں۔

کشمیر کونسل آزاد جموں و کشمیر کے آئینی نظام میں ایک اہم ادارہ ہے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کونسل کے چیئرمین ہوتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میئر میرپور کی کوششیں رنگ لے آئیں، کونسلر عبدالرزاق اور اسٹیٹ آفیسر کے درمیان تنازع حل

جبکہ صدر آزاد کشمیر وائس چیئرمین کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور وفاقی وزیر امور کشمیر بھی کونسل کے ارکان میں شامل ہوتے ہیں، جبکہ دیگر ارکان کا انتخاب آئینی طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے۔

حلف برداری کی تقریب میں وفاقی و آزاد کشمیر حکومت کی اہم شخصیات، اعلیٰ سرکاری حکام اور سیاسی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔ نومنتخب ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد کشمیر کونسل کی کارروائی میں ان کی باضابطہ شمولیت عمل میں آئے گی۔

نئے ارکان میں چوہدری لطیف اکبر کا تعلق مظفرآباد، راجہ مشتاق منہاس کا باغ، چوہدری محمد سعید کا میرپور جبکہ چوہدری منظور احمد کا تعلق بھی مظفرآباد سے ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محاذ آرائی، ہٹ دھرمی ریاستی آئینی ڈھانچے کیلئے خطرہ،فاروق حیدر

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں چاروں ارکان کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

کشمیر کونسل کے حالیہ انتخابات اس اعتبار سے بھی اہم ہیں کہ اس سے قبل کونسل کے چار ارکان کی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد ان کی نشستیں خالی ہوگئی تھیں۔

ان ارکان میں شجاع خورشید راٹھور، خواجہ طارق سعید، محمد یونس میر اور سردار عبدالرزاق خان شامل تھے۔

نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد کونسل کے آئینی و انتظامی امور میں تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی اور آزاد کشمیر و وفاق کے درمیان آئینی رابطہ کاری کے حوالے سے کونسل کا کردار بھی دوبارہ فعال ہوگا۔

واضح رہے کہ کشمیر کونسل کے اختیارات اور وفاق و آزاد کشمیر کے درمیان اختیارات کی تقسیم میں 13ویں آئینی ترمیم کے بعد نمایاں تبدیلیاں آئی تھیں۔

حالیہ دنوں میں آزاد کشمیر میں 16ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی سیاسی اور قانونی سطح پر بحث جاری ہے، جس میں کشمیر کونسل کے کردار اور اختیارات سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور آنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔