دانش سکول نیلم کے پروجیکٹ منیجر مدثر خان نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں زیرِ تعمیر دانش اسکول کا منصوبہ مقررہ معیار اور طے شدہ معیارِ تعمیر کے مطابق جاری ہے اور منصوبے کو 2027 کے اختتام تک مکمل کرکے تیار حالت میں متعلقہ حکام کے حوالے کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدثرخان نے کہا کہ دانش اسکول کے تعمیراتی کام میں طے شدہ کرائٹیریااور مقررہ تکنیکی و تعمیراتی معیارات کو ملحوظِ خاطر رکھا جا رہا ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں اور لیبر کی نگرانی کے لیے متعدد کنسلٹنٹس تعینات ہیں جو منصوبے کے معیار، تعمیراتی مراحل اور پیش رفت کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم دانش سکول کا معائنہ کرنے پہنچ گئے،مقامی آبادی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات اور بے بنیاد پروپیگنڈا مناسب نہیں۔ بعض غیر مصدقہ معلومات کے ذریعے کمپنی کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم منصوبے سے متعلق تمام ضروری ریکارڈ، تکنیکی نگرانی اور چیک اینڈ بیلنس کا باقاعدہ نظام موجود ہے۔
پروجیکٹ منیجر نے کہا کہ منصوبے کی نگرانی اور معیار کی جانچ کا اختیار رکھنے والے تمام متعلقہ محکمے اور افسران تعمیراتی کام کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ اگر کسی مرحلے پر مقررہ معیار میں کمی یا طے شدہ شرائط سے انحراف سامنے آتا ہے تو اس کی ذمہ داری کمپنی پر عائد ہوگی اور متعلقہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جا سکتی ہے۔
مدثر خان نے عوام اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ دانش اسکول منصوبے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر اعتماد کرنے کے بجائے کسی بھی اطلاع کی تصدیق متعلقہ حکام اور ذمہ دار اداروں سے کریں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے دانش سکول حویلی کے وفد کی ملاقات، تعمیراتی امور کا تفصیلی جائزہ
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں اور 2027 کے اختتام تک دانش اسکول کا منصوبہ مکمل کرکے تیار حالت میں حوالے کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔




