ہونڈا اٹلس کارز پاکستان نے اپنی سات نشستوں والی گاڑی ہونڈا بی آر وی کی فروخت بند کر دی ہے۔ یہ گاڑی ان صارفین میں خاصی مقبول تھی جنہیں ایک بڑے خاندان کے لیے کشادہ سواری کی ضرورت ہوتی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس گاڑی کو اب ہونڈا پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ پر گاڑیوں کی فہرست سے مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔
کمپنی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ہونڈا بی آر وی اب پاکستان میں صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہے، جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ معاملہ صرف کوئی افواہ نہیں بلکہ کمپنی خود اس فیصلے کو تسلیم کر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ہونڈا سی جی 125 کی نئی قیمت اور اقساط کا اعلان
فروخت بند ہونے کی وجوہات اور صارفین کے لیے لائحہ عمل:
اس فیصلے کے پیچھے اصل وجہ کیا ہے، اس بارے میں تاحال ہونڈا کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ نہ تو فروخت بند کرنے کا سبب واضح کیا گیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی کا متبادل کیا ہوگا۔ کیا ہونڈا پاکستان میں سات نشستوں والی کوئی نئی گاڑی متعارف کرائے گی؟ فی الحال کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔
جو لوگ بی آر وی خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے، انہیں اب مجبوراََ دوسرے آپشنز دیکھنے پڑ سکتے ہیں۔ جن کے پاس یہ گاڑی پہلے سے موجود ہے، ان کے لیے فروخت بند ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑی سڑک سے ہٹ جائے گی، تاہم پرزوں اور سروس کے بارے میں کمپنی کی کوئی نئی پالیسی سامنے آئے تو اسے دیکھنا ضروری ہو گا۔ بہتر یہی ہے کہ صارفین اپنے قریبی ڈیلر یا کمپنی کے آفیشل ذرائع سے تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔




