وادیِ لیپہ میں نیشنل بینک کی اسلامک بینکنگ میں تبدیلی، سرکاری ملازمین ستمبر کی تنخواہوں سے محروم

وادیِ لیپہ : نیشنل بینک لیپہ برانچ کی اسلامک بینکنگ میں شفٹنگ اور بینک کوڈ کی تبدیلی کی وجہ سے لیپہ ویلی کے سرکاری ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بینک کوڈ میں تبدیلی واقع ہونے کی وجہ سے ملازمین کی ماہِ ستمبر کی تنخواہیں تاحال ان کے متعلقہ اکاؤنٹس میں منتقل نہیں ہو سکی ہیں، جس کے باعث ملازمین میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

متاثرہ سرکاری ملازمین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مہینے کے اختتام پر ان کے گھریلو اخراجات، بچوں کی اسکول فیس اور دیگر روزمرہ کی انتہائی ضروریات کا مکمل دار و مدار تنخواہ پر ہی ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود بینک انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی بھی تسلی بخش یا واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ آزاد کشمیر کے حالات بالکل پُرامن ہیں : سیاح

اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ:

موجودہ صورتحال کے پیش نظر وادیِ لیپہ کے اہل علاقہ اور تمام متاثرہ سرکاری ملازمین نے اعلیٰ حکام اور نیشنل بینک کی اعلیٰ انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیں اور ملازمین کی رُکی ہوئی تنخواہوں کی جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔