ایشین گیمز،پاکستان ہاکی کا سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی،بھارت کیساتھ جوڑ پڑ گیا

کاکامیگارا: ایشین گیمز 2026 کے مینز ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے عمان کو 2-7 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

قومی ٹیم نے پول بی میں چار کامیابیوں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور اب سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کا سامنا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز ، ہانگ کانگ کیخلاف میچ منسوخ، پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

جاپان کے شہر کاکامیگارا میں کھیلے گئے پول بی کے آخری میچ میں پاکستان نے عمان کے خلاف شاندار جارحانہ کھیل پیش کیا۔قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور عمدہ ٹیم ورک کے ذریعے گول کرنے کے مواقع پیدا کیے۔

پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک اسکورکی جبکہ سفیان خان نے دو گول کیے، غضنفرعلی اورمحمد عماد نے بھی ایک، ایک گول کرکے قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردارادا کیا۔

پاکستان نے میچ کے دوران عمان کے دفاع پر مسلسل دباؤ رکھا اور 11 پنالٹی کارنرز حاصل کیے جبکہ عمان کو ایک بھی پنالٹی کارنرنہیں ملا۔قومی ٹیم نے 58 فیصد بال پوزیشن بھی اپنے پاس رکھی، جس سے میچ میں اس کی برتری کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

عمان کی جانب سے البراء النوفلی اور ایمن مدیت نے ایک، ایک گول کیا تاہم پاکستانی ٹیم نے حریف کو مزید واپسی کا موقع نہیں دیا اور مقررہ وقت کے اختتام پر 7-2 کی واضح برتری سے کامیابی اپنے نام کی۔

پاکستان نے پول بی میں اپنے پانچ میچز میں سے چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ واحد شکست ملائیشیا کے ہاتھوں ہوئی، قومی ٹیم نے پول مرحلے میں مجموعی طور پر28 گول اسکور کیے اور8 گول اپنے خلاف کھائے۔

دوسری جانب پول اے میں بھارت نے بھی بنگلادیش کو10-0 سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، بھارت نے پول مرحلے کے پانچوں میچز جیتے اورناقابل شکست رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز: نگار سلطانہ نے گرتے ہوئے پاکستانی پرچم کو اٹھالیا، ویڈیو وائرل

اب ایشین گیمز ہاکی کا سب سے اہم مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

ہاکی انڈیا کے آفیشل شیڈول کے مطابق پاک بھارت سیمی فائنل پاکستانی وقت کے مطابق دوپہرایک بجے شروع ہوگا، دوسرے سیمی فائنل میں ملائیشیا اورجنوبی کوریا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔