مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ناممکن،رانا محمد قاسم

واشنگٹن ڈی سی کے دورے کے دوران چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام اور کشمیری باہم یک جان اور دو قالب ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

رانا محمد قاسم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکیاسیویں اجلاس کے دوران عالمی برادری کے سامنے کشمیر کے دیرینہ تنازع پر پاکستان کے مؤقف کو انتہائی واضح اور دوٹوک انداز میں پیش کیا جو کہ انتہائی لائقِ تحسین اقدام ہے۔

رانا محمد قاسم نون نے زور دیا کہ تنازع کشمیر ایک بین الاقوامی نوعیت کا مسئلہ ہے جس کا حقیقی حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر من و عن عملدرآمد کے ذریعے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کا حصول اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب مسئلہ کشمیر کا ایک منصفانہ حل نکالا جائے جو کشمیریوں کے حقِ خودارادیت سے پوری طرح مطابقت رکھتا ہو۔ ان کے مطابق معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی نے عالمی سطح پر اس مسئلے کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے، جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ ماضی میں ایٹمی جنگ کے دہانے پر آ کھڑا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے اکیاسیویں سیشن میں شرکت کے بعد ان کے اس واشنگٹن دورے کا بنیادی مقصد عالمی برادری کی توجہ اس سنگین مسئلے کے مستقل اور پائیدار حل کی طرف مبذول کرانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر حکومت 6ماہ چلے گی،5سال میں6 حکومتیں آئیں گی، لطیف اکبر

دوسری جانب، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پچھلی آٹھ دہائیوں سے مسلسل بھارتی ظلم، جبر اور ناانصافیوں کا نشانہ بنتا چلا آ رہا ہے، اور کشمیری شہدا کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ تنازع کشمیر کی حل طلب حیثیت بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی رو سے ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ قانون، تاریخ، جغرافیہ، مذہب اور معاشرت کے لحاظ سے تنازع کشمیر پر تمام تر وزن پاکستان کے حق میںپلڑا جھکاتا ہے، تاہم اس سفارتی اور سیاسی کامیابی کو حتمی منزل تک پہنچانے کے لیے ملکی معیشت اور سیاست پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنا اور مسلسل جدوجہد کرنا انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے آخر میں یہ یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کو ہر قیمت پر جاری رکھے گا۔ پریس بریفنگ کے اختتام پر چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے تقریب میں موجود تمام صحافیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔