پختونخوا میں گنڈاپور کی دوبارہ انٹری؟ بانی پی ٹی آئی کا سہیل آفریدی کیلئے پیغام آگیا

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق اپنی بہن کوپیغام دیا ہے کہ اگروہ اسلام آباد مارچ لے کر نہیں آتا تو علی امین گنڈاپور کو پیغام دو وہ سہیل آفریدی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی بہن نورین نیازی کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق ایک اہم پیغام دیا ہے

یہ بھی پڑھیں:سہیل آفریدی کی گنڈاپور سے ملاقات، شکوے شکایتیں، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے نورین نیازی سے کہا کہ سہیل آفریدی نے ان کے لیے کچھ نہیں کیا۔ میں نے وکیل کو پیغام دیا تھا کہ سہیل آفریدی وزارت اعلیٰ چھوڑ دے۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔

نورین نیازی نے اپنے بھائی کو کے پی میں پارٹی کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کیخلاف کچھ ایم پی ایز کا گروپ بھی ہے جو سابق سی ایم علی امین گنڈاپور کا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ انکشاف سن کر عمران خان نے اپنی بہن سے استفسار کیا کہ کتنے ایم پی ایز خلاف سہیل آفریدی کے خلاف ہیں تو نورین نیازی نے بتایا کہ 35 کے قریب ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ سہیل آفریدی 27 کو اگر اسلام آباد مارچ لے کر نہیں آتا تو علی امین کو پیغام دیں کہ وہ سہیل آفریدی کیخلاف عدم اعتماد لے آئے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا مارچ کیلئے لوگوں کو تربیت دیئے جانیکا انکشاف،آڈیو نے بھانڈہ پھوڑ دیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کا پیغام سہیل آفریدی تک پہنچا تو پروگرام میں مزید تبدیلی کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے سول افسر نے چند ارکان اسمبلی اور اہم کارکنوں کے نام، ٹھکانوں کی اطلاع اداروں کو پہنچائی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ سہیل آفریدی سے اہم وفاقی وزیر مسلسل رابطے میں ہیں اور مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔