کشمیر کونسل انتخابات،ن لیگی امیدواروں کی فہرست مرکزی قیادت کو ارسال

کشمیر کونسل کی4خالی نشستوں کیلئے مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے تجویز کردہ امیدواروں کی فہرست قیادت کو بھجوا دی ہے ۔

شاہ غلام قادر نے تینوں ڈویژنز سے ن لیگی عہدیداروں وکارکنوں کے نام قیادت کو ارسال کئے ہیں، مرکزی قیادت کی جانب سے ہی حتمی امیدواروں کا اعلان کیا جائیگا۔

میرپور ڈویژن کے امیدوار

میرپورڈویژن سے ن لیگی رہنما، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ سماہنی راجہ مقصود، محترمہ ارشاد ادریس، طارق بٹ، جاوید قادر، شکیل طاہر مغل، محترمہ بلقیس راجا، زبیر کیانی، راجہ اشتیاق، سردار مظہر محبوب، چوہدری رشید، راجہ اظہر اقبال، ملک حنیف اور شاداب سکندرکے نام ارسال کئے گئے ہیں

پونچھ ڈویژن کے امیدوار

پونچھ ڈویژن کے امیدواروں میں حلقہ غربی باغ سے سابق امیدوار اسمبلی ، سینئر سیاستدان افتخار ایوب، منظر بشیر، ساجد یعقوب، خواجہ عمران عزیز، فرحان اعظم، ملک شکیل، نبیلہ ظفر، راجہ سعید اور توصیف عزیزکے نام شامل ہیں۔

مظفرآباد ڈویژن کے امیدوار

مظفرآباد ڈویژن سےن لیگی رہنما احسن منظور چوہدری،حاجی راجا احسان دانش اور ارسل صدیقی کےنام ارسال کئے گئے ہیں۔

کشمیر کونسل کے ان امیدواروں کے ناموں پر حتمی فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت کرے گی جبکہ ناموں کا باضابطہ اعلان مرکزی ترجمان و رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔

حیران کن طور پر مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کی جانب سے بھجوائی گئی فہرست میں اہم رہنمائوں کو نظرانداز کیاگیا ہےجن میں سے مظفرآباد سے پیر سید مرتضیٰ گیلانی، چوہدری شہزاد، چوہدری شفقت محمود ،باغ سے مشتاق احمدمنہاس،فتح پور تھکیالہ سے سردار فاروق سکندر کا بھی نام شامل نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت کی جانب سے صدر مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کی طرف سے بھیجی گئی فہرست کے علاوہ بھی کسی امیدوار کو نامزد کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ کشمیر کونسل کی 4خالی نشستوںکیلئے پولنگ12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیرکونسل الیکشن،چوہدری لطیف اکبر امیدوار نامزد

خواجہ طارق سعید، شجاع راٹھور، محمد رزاق اور یونس میرکی مدت پوری ہونے پر انتخابات ہو رہے ہیں، پیپلزپارٹی نے سینئر سیاستدان ، سابق سپیکر چوہدری لطیف اکبر کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی یکم اکتوبر 2026 کو صبح 9سے دن 2بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن (ریٹرننگ افسر) کے دفتر میں جمع کرائے جائیں گے۔

2 اکتوبر کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ 5 اکتوبر کو کاغذات کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔ ان اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر کو ہوگی اور 9 اکتوبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔

انتخابی عمل کے آخری مرحلے میں 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ووٹنگ کریں گے۔