بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر کے دوران یو این ہیڈکوارٹرز کے باہر کشمیریوں کا شدید احتجاج

نیویارک: اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر کشمیری امریکی کمیونٹی نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی تقریر کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر عالمی ادارے سے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کردیا۔

ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور نیویارک و واشنگٹن میٹروپولیٹن علاقوں کی کشمیری امریکی کمیونٹیز کے زیر اہتمام ہفتہ 26 ستمبر کو یو این پلازہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں، خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی وزیر خارجہ کے اقوامِ متحدہ میں خطاب کیخلاف مظفرآباد میں احتجاج

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے ایک پکار کے عنوان سے احتجاج کرتے ہوئے کشمیر کے عوام سے متعلق اقوام متحدہ کے وعدوں اور قراردادوں کی یاد دہانی کرائی۔

شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حق خودارادیت اور انسانی حقوق کی بحالی کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرین نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھارتی وزیر خارجہ کو خطاب کا موقع دیے جانے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

کشمیری رہنماؤں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر سمیت انسانی حقوق کے معاملات پر انصاف اور اصولوں کو مقدم رکھنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت،چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کیلئے کانگریس کا ملک گیر احتجاج، پولیس کی شیلنگ، گرفتاریاں

مقررین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا جائے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

احتجاج کے اختتام پر اقوام متحدہ کے حکام کو یادداشت بھی پیش کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے فوری سفارتی کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔