raja farooq haider

فاروق حیدر کیخلاف مہم مہنگی پڑی،سوشل میڈیا صارف کیخلاف مقدمہ درج، گرفتاری کیلئے چھاپے

ہٹیاں بالا :سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر غیر اخلاقی،نازیبا زبان استعمال کرنے کے الزام میں تھانہ سٹی ہٹیاں بالا نے ایک شخص کے خلاف متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او سٹی تھانہ ہٹیاں بالا نے مقدمہ مسلم لیگ (ن) جہلم ویلی کی سوشل میڈیا ٹیم کے انچارج راجہ وسیم احمد خان کی درخواست پر محمد سجاد مغل ولد افراسیاب مغل ساکن سہربگلہ کے خلاف درج کیا۔

یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر تصاویر بنانے کا وائرل رجحان، اے آئی ایپس صارفین کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کے لیے خطرناک

ایف آئی آر نمبر 104/26میں مدعی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم کی جانب سے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر نازیبا،غیر اخلاقی مواد شیئر کیا گیا جس سے ان کی عزت و شہرت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملزم کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ ایسی سرگرمیوں سے باز رہنے کے لیے کہا گیا تاہم اس کے باوجود مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر مواد کی تشہیر جاری رہی۔

پولیس نے مقدمہ زیر دفعات 500/501،504/505،506/123B،489وائی کے تحت درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر رکھے ہیں۔

درخواست میں پولیس سے معاملے کی قانونی کارروائی عمل میں لانے کی استدعا کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شاہ غلام قادر نے سوشل میڈیا پر وائرل خط اے آئی سے بنا قرار دیدیا

درخواست گزار کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے کسی بھی شخص کے خلاف غیر اخلاقی یا توہین آمیز مواد کی تشہیر سے معاشرے میں کشیدگی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ باہمی احترام، امن کی فضا بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔