کویت میں مقیم پاکستانی نژاد نوجوان کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا نے اپنی بین الاقوامی تعلیمی کمپنی ایم ای سی اسٹڈی گروپ کے ذریعے انگلینڈ کے نان لیگ فٹبال کلب پلیمتھ پارک وے ایف سی کو خرید لیا۔
کراچی میں پیدا ہونے والے معیز مرزا انگلش فٹبال کلب کے مالک بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ اس سے قبل پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت شاہد خان انگلینڈ کے ایک فٹبال کلب کے مالک بن چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز : گرین شرٹس کاشاندار آغاز، تھائی لینڈ کو 0-9 سےشکست دے دی
1988 میں قائم ہونے والا پلیمتھ پارک وے اپنا ہوم گراؤنڈ بولیٹھو پارک میں رکھتا ہے اور اس وقت انگلش فٹبال کے ساتویں درجے سدرن لیگ پریمیئر ڈیویژن ساؤتھ میں کھیل رہا ہے۔ کلب اپنے ہی شہر کے معروف کلب پلیمتھ آرگئل سے چار ڈویژنز نیچے ہے۔
لندن میں پلائی ماؤتھ پارک وے فٹبال کلب کی انتظامیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معیز احمد مرزا نے تصدیق کی کہ کلب کے ساتھ بنیادی شرائط کے معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیںجس کے بعد نئی ملکیت اور انتظامی ڈھانچے کی تشکیل کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
عیز احمد مرزا نے کہاکہ ان کا مقصد پلائی ماؤتھ پارک وے کو ایک پیشہ ور فٹبال کلب میں تبدیل کرنا ہے، تاہم کلب کی موجودہ شناخت اور مقامی برادری سے اس کے تعلق کو برقرار رکھا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ میرا خواب ہے کہ اگلے 10 برس میں اس کلب کو ای ایف ایل تک پہنچتے دیکھوں۔
ان کے مطابق آئندہ 12 سے 18 ماہ کے دوران کلب کو کل وقتی بنیادوں پر چلانے کے لیے کام کیا جائےگا، جبکہ اکیڈمی، بنیادی ڈھانچے اور اسٹیڈیم کی سہولیات میں سرمایہ کاری کی جائےگی۔
معیز احمد مرزا نے بتایا کہ ان کی تنظیم اب تک 3 ہزار سے زیادہ بین الاقوامی طلبہ کی معاونت کرچکی ہے اور دنیا بھر کی 600 سے زیادہ جامعات کے ساتھ تعلقات قائم کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم اور فٹبال کو یکجا کرنے کے منصوبے پر کام کررہے ہیں جس کے تحت طلبہ کو مسابقتی فٹبال کھیلنے کے ساتھ ساتھ فٹبال کلب کے انتظام اور تجارتی امور کے بارے میں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیاکہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں کلب کی تاریخ اور مقامی شناخت متاثر نہیں ہوگی۔
کلب کے چیئرمین مارک رسل اور نائب چیئرمین گیز بیگٹ نے کہا کہ معاہدہ کلب کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے پلائی ماؤتھ پارک وے کو نئے بین الاقوامی شائقین اور حلقوں تک متعارف کرانے میں مدد مل سکتی ہے، جبکہ کلب کا پلائی ماؤتھ شہر سے تعلق برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز ویمنز کرکٹ، پاکستان کوشکست،سری لنکا نےفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
معیز احمد مرزا نے بتایا کہ وہ پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے ساتھ ممکنہ تعاون کے حوالے سے پہلے ہی بات چیت کررہے ہیں۔
معیز احمد مرزا نے مزید کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ کلب نئی نسل کے برطانوی پاکستانی فٹبال کھلاڑیوں کے لیے بھی ممکنہ طور پر ایک راستہ فراہم کرے، تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو انگلش فٹبال نظام میں اپنی صلاحیتیں دکھانے، تجربہ حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔




