اسلام آباد سومنات ہے اور نہ یہ شخص محمود غزنوی ،خواجہ آصف کا ردعمل

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف خیبرپختوںخوا کے صدر جنید اکبر کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ ہی یہ شخص محمود غزنوی ہے۔

اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت، اسلام کا قلعہ اور وفاق کی علامت ہے۔ مخالفین کی زبان بتا رہی ہے کہ یہ کتنے پاکستانی ہیں اور اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہم نے پانچ دہائیاں افغانوں کو پناہ دی اپنے محدود وسائل میں حصہ دار بنایا : خواجہ آصف

اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دیے گئے بیان میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصٖف نے کہا کہ عمران خان نے انہیں کیا سبق سکھایا ہے، کیا ان کا دل خیبر پختونخوا میں روزانہ بہنے والے خون پر نہیں دکھتا؟

کیا طالبان ان کے اتحادی ہیں جو یہ خیبرپختونخوا پولیس اور بہادر جوانوں کی شہادتیں روکنے کے بجائے مزید انتشار اور نفرت پھیلا رہے ہیں؟

خواجہ آصف نے سوال اٹھایا کہ 27 ستمبر کے حوالے سے جس حملے کی بات کی جارہی ہے، کیا وہ طالبان کا حملہ ہے اور کیا پاکستان میں مقیم افغان شہری اس لشکر کا حصہ ہوں گے؟ وفاق پوری قوت سے اس کا دفاع کرے گا۔

وزیر دفاع نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار حاصل کرنے کے لیے عمران نیازی اور ان کے پیرو کار کس حد تک جا سکتے ہیں، ہم نے 9 مئی کو دیکھا، 26 نومبر کو بھی دیکھا اور اب یہ شخص اپنے عزائم بتا رہا ہے، پاکستانی عوام ان کی اصلیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 27ستمبر کو غلط فہمی دور ہو جائیگی، راناثنااللہ نے پی ٹی آئی کو خبردار کردیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ کل بھی امن، ترقی اور پاکستان کے دشمن تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی ہوں گے، لاکھ اختلافات ہوں کوئی پاکستانی یہ زبان نہیں بول سکتا، یہ پاکستان دشمن زبان ہے، کیا اب بھی کسی کے ذہن میں کوئی ابہام باقی رہ گیا ہے؟ ۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے 27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد کو ہم سومنات بنائیں گے، ہم اسلام آباد کو تباہ کر دیں گے، لاشیں اٹھائیں گے اور پھر نئے لوگ آ جائیں گے۔