جاپان کے شہر ایچی نوگویا میں جاری ایشین گیمز 2026 کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے شاندار اور فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں0-9 سے شکست دے دی۔
گروپ بی کے میچ میں قومی ہاکی ٹیم نے کھیل کے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور تھائی لینڈ کے خلاف مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز ویمنز کرکٹ، پاکستان کوشکست،سری لنکا نےفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ ٹیم ورک، تیز رفتار حملوں اور مؤثر دفاعی حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف 9 گول اسکور کیے جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم پورے میچ کے دوران ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
پاکستان کی جانب سے مسلسل حملوں کے باعث تھائی لینڈ کے دفاعی کھلاڑی شدید دباؤ میں نظر آئے۔ قومی ٹیم نے نہ صرف گول کرنے کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا بلکہ دفاعی سطح پر بھی حریف کو قابو میں رکھا۔
اس یکطرفہ کامیابی کے بعد پاکستان نے گروپ بی میں اپنی مہم کا آغاز تین اہم پوائنٹس کے ساتھ کیا ہے۔گروپ بی میں پاکستان کے علاوہ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
قومی ٹیم اب اپنا دوسرا میچ 22 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف کھیلے گی جبکہ 24 ستمبر کو چین، 26 ستمبر کو ملائیشیا اور 28 ستمبر کو عمان کیخلاف میدان میں اترے گی۔
ایشین گیمز 2026 کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان کی نظریں گروپ مرحلے میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے پر مرکوز ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈنے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا
تھائی لینڈ کے خلاف 9-0 کی فتح نے قومی ٹیم کی مہم کا پُراعتماد آغاز کر دیا ہے۔




