ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز کو ٹیم میں جگہ ملے گی، محسن نقوی
عائشہ ظفر نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 40 گیندوں پر 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
شوال ذوالفقار نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے اختتامی اوورز میں تیزی سے رنز بناتے ہوئے 12 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیلی۔
177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 83 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔
حسینی پریرا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 42 رنز اسکور کیے جبکہ ہرشیتھا سماراوکرما 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم پاکستانی باؤلرز سری لنکن بیٹرز کو بڑے ہدف کے تعاقب سے روکنے میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
سری لنکا نے 178 رنز کا ہدف 13 گیندیں قبل حاصل کرکے 8 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی اور ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارت نے کوارٹر فائنل میں میزبان جاپان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔
بنگلہ دیش اور چین کے درمیان کوارٹر فائنل بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد بہتر آئی سی سی رینکنگ کی بنیاد پر بنگلہ دیش کو اگلے مرحلے میں جگہ ملی۔
بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں حال ہی میں ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں بھی مدِمقابل آئی تھیں، جہاں بھارت نے بنگلہ دیش کو 40 رنز سے شکست دی تھی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جوز بٹلر کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈنے سری لنکا کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کردیا
ایشین گیمز ویمنز کرکٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج 20 ستمبر کو جاپان کے شہر نِشِن میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔




