انگلینڈ نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ کرلیا۔
اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن ٹیم انگلش بولرز کے سامنے بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی اور 18.5 اوورز میں 124 رنز بنا کر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قومی پہلوان انعام بٹ کو بڑا ریلیف، ایشین گیمز میں شرکت کی تصدیق
سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس نے 35 جبکہ پاتھم نسانکا نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر، جوفرا آرچر اور ول جیکس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور ہدف صرف 9.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کپتان ہیری بروک نے 34 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر نے شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلینڈ نے ہدف 62 گیندیں قبل حاصل کرکے میچ اپنے نام کیا۔
سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 119 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے، جس میں ہیری بروک کی 114 رنز کی ناقابل شکست اننگز نمایاں رہی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 19 اوورز میں 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی انگلینڈ نے کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، جسے انگلینڈ نے 12.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دوسرے میچ میں ٹام بینٹن نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ لیام ڈاسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیشنز لیگ ،پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو قومی اسکواڈ میں شامل
یوں انگلینڈ نے پوری سیریز میں سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں میچز جیت لیے اور سیریز میں 3-0 سے کلین سوئپ مکمل کرلیا۔




