لوٹن(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بزنس فورم کے صدر عمران عزیز برطانیہ کے دورے پر لوٹن پہنچ گئے، اوورسیز کشمیریوں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کی تجویز ۔
عمران عزیز نے لوٹن ٹاؤن ہال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے ا وورسیز کشمیریوں سے کہا کہ وہ آزادکشمیر ، گلگت بلتستان کے معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنےکیلئے آگے بڑھیں اور فعال کردار ادا رکریں۔
میئر لوٹن کونسلر جاوید حسین اور لیڈر آف دی کونسل امجد علی نے عمران عزیز کا میئر پارلر میں استقبال کیا اورٹاؤن ہال کے مختلف شعبہ جات دکھائے ۔ مقامی حکومت کے نظام اور کونسل کے امور سے آگاہ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دانش یونیورسٹی میں تدریسی آغاز ستمبر 2027 سے ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف
لوٹن کی سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات کے علاوہ عمران عزیز کے والد گرامی سردار عزیز بھی انکے ہمراہ تھے جو خود ماضی میں آزاد کشمیر میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کی معروف کاروباری شخصیت رہ چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے میئر لوٹن کونسلر جاوید حسین نے کہا کہ برطانیہ میں آباد کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی شہر کی تعمیر و ترقی اور مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر سے اپنے تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے کشمیری کمیونٹی سے خصوصی وابستگی کا اظہار کیا۔
بزنس فورم کے صدر عمران عزیز نے کہا کہ گزشتہ تقریباً تین ماہ سے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش اور پیدا ہونیوالے حالات باعث تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور بالخصوص آن لائن روزگار سے وابستہ نوجوانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس کے علاوہ سیاسی عدم استحکام سے بعض صنعتی شعبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالات جلد معمول پر آئیں گے اور تجارتی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھمبر: دفعہ 144 نافذ، پانچ یا زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس پر پابندی عائد
انہوں نے اوورسیز کشمیریوں کی جانب سے تعمیر و ترقی، فلاحی منصوبوں اور روزگار کی فراہمی کی خدمات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ وہ خطے میں سرمایہ کاری کریں۔
اس موقع پر پاکستان پریس کلب یوکے کے قائم مقام صدر شیراز خان، لوٹن برانچ کے جنرل سیکریٹری آصف شریف، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر صابر گل بھی موجود تھے ۔
چیئرمین میرپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ موومنٹ حاجی چودھری قربان ، بلال یاسین، فرحان عزیز اور دیگر شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں ۔
اس موقع پر برطانیہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان باہمی تجارتی و معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔




