بھمبر: دفعہ 144 نافذ، پانچ یا زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس پر پابندی عائد

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)ضلع بھمبر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ضابطہ فوجداری کے تحت پانچ یا زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور عوامی احتجاج پر پابندی عائد کر دی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیرصحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کا جناح ڈینٹل ہسپتال اپ گریڈ کرنے کا اعلان

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ بھمبر چوہدری محمد طارق کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ ایام میں ضلع بھر میں مختلف سیاسی و غیر سیاسی تنظیموں اور جماعتوں کی جانب سے احتجاجی جلسے جلوسوں کے انعقاد کا پروگرام سامنے آیا ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ماضی قریب میں بھی احتجاجی مظاہروں کے دوران بھمبر شہر کی مرکزی شاہراہوں اور چوکوں کی بندش کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

جس کے باعث کاروبارِ زندگی متاثر ہوا اور مریضوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے بروقت ہسپتالوں تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق احتجاجی سرگرمیوں کے دوران امن و عامہ میں خلل پڑنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تصادم اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچنے کے خدشات کے پیش نظر یہ پابندی ضروری قرار دی گئی ہے۔

جاری کردہ حکم کے تحت ضلع بھمبر کی حدود میں کسی بھی مقام پر پانچ یا زائد افراد کے جمع ہونے اور دوسروں کو ایسے اجتماعات کی ترغیب دینے پر پابندی ہوگی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کابینہ اجلاس، حرمین الشریفین کے تحفظ کی بھرپور حمایت کی اہم قرارداد منظور

حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکم نامے کے مطابق پابندی کا اطلاق تاریخِ اجراء سے دو ماہ تک برقرار رہے گا، جبکہ ایس ایس پی بھمبر کو حکم کی تشہیر بذریعہ منادی کروانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔