تعلیمی پیکیج کیلئے کمیٹی تشکیل،تھرڈ پارٹی کے ذریعے اہلیت کی بنیاد پربھرتیاں ہونگی، وزیراعظم گیلانی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم افتخارگیلانی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز حکومت نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سکولز نے کابینہ کو تعلیمی پیکیج 2026پر بریفنگ دی۔

کابینہ نے تعلیمی پیکیج کا جائزہ لینے کیلئے وزیر جنگلات کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور،وزیر ہائر ایجوکیشن اظہر صادق اور وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عمیر نعیم پر مشتمل کمیٹی بنا دی۔

کمیٹی تعلیمی پیکیج کا جائزہ لیکر سفارشات پیش کریگی۔ سیکرٹری تعلیم سکولز نے کابینہ کو ٹیچر ریکروٹمنٹ پالیسی پر بھی بریفنگ دی جبکہ پرنسپل سیکرٹری و سیکرٹری صنعت و حرفت سردار عدنان خورشید نے کابینہ کو آسان کاروبار ایکٹ 2026بارے بریفنگ دی۔

وزیراعظم افتخارگیلانی نے پہلے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ سب سے بڑا فورم ہے اور اسکے فیصلہ کا اثرعام آدمی پر ہوتاہے، ہم نے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں تاکہ انکا اعتماد بحال ہو۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں سرمایہ کاری،عمران عزیز کا اوورسیز کشمیریوں کو آگے آنے کا مشورہ

وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہاکہ کابینہ اور بیورو کریسی نے ملکر کام کرنا ہے۔ عوام کی نمائندگی سیاسی لوگوں سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام محکمہ جات تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ قانون کے مطابق اپنے رولز میں ترمیم کریں، تھرڈ پارٹی کے ذریعے خالصتا ً اہلیت صلاحیت کی بنیاد پر ہی بھرتیاں ہونگی۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے مزید کہا ہے کہ جب تک شکایات پورٹل فعال نہیں ہوتا اسوقت تک وزیراعظم آفس میں ”شکایات ڈیسک“ قائم کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے بچت کے بجائے خرچ کر اپنی کارکردگی دکھانا ہوگی ۔ گورننس کیلئے پیسوں کی نہیں بلکہ رویئے اور انداز بدلنے کی ضرورت ہے، ہمیں گورننس کا رویہ ہر صورت بدلنا پڑیگا، جو ہماراساتھ نہیں دیگا وہ ہماری ٹیم کا حصہ نہیں رہ سکتا۔

وزیراعظم افتخارگیلانی نے کہاکہ ہم نے میاں نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور محترمہ مریم نواز کے ویژن کے مطابق کام کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دانش یونیورسٹی میں تدریسی آغاز ستمبر 2027 سے ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف

ایسے فیصلے کرنے ہیں جو ہمارے لیے نیک نامی کا باعث بنیں ۔ ضلعی انتظامیہ سے ہر شہری کا براہ راست واسطہ پڑتا ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے زمینوں سمیت دیگر معاملات کو فی الفور حل کیاجائے ،کسی کا حق کسی بھی صورت سلب نہیں ہونا چاہیے، انتظامیہ ایساماحول دے کہ ہر بندہ اپنے آپ کو محفوظ سمجھے۔

لوگوں کو فرق نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ موجودہ حکومت کے دور میں ایسے کام ہونگے جو ہم سب کیلئے فخر کا باعث بنیں گے۔ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ہمت و توفیق عطا فرمائے۔