اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں آغاز آج 16 ستمبر کی رات سے ہوگا، اسلام آباد میں اسکیم پہلے ہی فعال ہے۔
گزشتہ روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم پر انتظامی پیش رفت اور ملک گیر لانچنگ کی تیاریوں کے حوالے سے نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا 9 واں اجلاس ہوا، جس میں اسکیم پر موثر عملدرآمد اور مستحق افراد تک ریلیف پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ، نوٹیفکیشن جاری
اجلاس میں بتایا گیا کہ خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم اسلام آباد میں پہلے ہی فعال ہے جب کہ ملک بھر میں اسکیم کا نفاذ 16 ستمبر 2026 کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے کردیا جائے گا۔
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ فیول ٹوکن کے ذریعے رعایتی پیٹرول کے حصول کا عمل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگا۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل آسان اور ہر شخص کی دسترس میں رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ملک بھر میں اسکیم کے لیے رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے اور اہل افراد 9771 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
لوڈرز اور پک اَپس کو بھی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وفاقی حکومت فیول ریلیف اسکیم کی مکمل لاگت برداشت کریگی۔
نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو عوام تک اسکیم کی معلومات موثر انداز میں پہنچانے اور پیٹرول پمپس پر اس کے ہموار نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اسحاق ڈار نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حلقوں میں فیول ریلیف اسکیم سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائیں اور شہریوں کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کریں۔
انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکاروں کو بھی عوامی آگاہی اور رجسٹریشن کے لیے بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
اسحاق ڈار نے پیٹرول پمپس کو ادائیگیاں اسٹیٹ بینک کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسکیم پر عملدرآمد میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ادھر پمپ مالکان نے حکومتی سکیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول پمپ ڈیلرز اور اونرز تیاری رکھیں جلد کال دیں گے۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ اونرز کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا ہے، حکومت نے 100 روپے کی سبسڈی دے کر سارا بوجھ پیٹرول پمپ اونرز پر ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سبسڈی تو دے دی لیکن یہ نہیں بتایا کہ پیٹرول پمپ اونرز کو یہ رقم کس طریقے سے واپس ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتیں، ہفتہ وار 3 چھٹیاں،ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور
پہلے 6 ماہ میں ریٹ تبدیل ہوتا تھا اب ایک دن میں قیمت تبدیل ہوجاتی ہے گاڑی پمپ پر پہنچتی نہیں اور ریٹ تبدیل ہوجاتا ہے۔
نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت کے علاوہ ہماری جنگ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ساتھ بھی ہے جبکہ پیٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی چور بازاری ہے۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس پیٹرول پمپوں پر جاکر انہیں تھریٹ کرتے ہیں۔




