سعودی عرب میں پاکستانی شہری کو دہشتگردی جرائم پر سزائے موت

سعودی عرب کے علاقے القصیم میں دہشتگردی سے متعلق جرائم میں ملوث پاکستانی شہری سلیمان امجد کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی شہری سلیمان امجد کی سزائے موت پر گزشتہ روزمنگل کوالقصیم میں عملدرآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کو یتیم نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ نے ’سزائے موت‘ سے متعلق بڑا فیصلہ دیدیا

وزارت داخلہ کے مطابق سلیمان امجد دہشت گردانہ نظریات سے متاثر تھا اور اس نے جان بوجھ کر ایک غیر ملکی شہری کو قتل کیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا جبکہ مزید افراد کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی الزام ثابت ہوا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سکیورٹی اداروں نے ملزم کو گرفتار کیا جس کے بعد تحقیقات کے دوران اس کے خلاف مذکورہ جرائم کے ارتکاب کے شواہد سامنے آئے۔

بعد ازاں کیس متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سلیمان امجد کو تعزیری طور پر سزائے موت سنائی۔

وزارت داخلہ کے مطابق عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی جس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی فیصلے کی توثیق کردی اور یوں سزا کا فیصلہ حتمی ہوگیا۔

سعودی وزارت داخلہ نے بتایا کہ بعد ازاں شاہی فرمان کے تحت پاکستانی شہری کی سزائے موت پر عملدرآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی ورک ویزا درخواست دہندگان ہوشیار: لاہور میں ویزا پروسیسنگ سینٹر کا نیا پتا جاری

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت مملکت میں امن و امان کے قیام، انصاف کی فراہمی اور شریعت کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔

وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ بے گناہ افراد کی جان اور سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو شرعی سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔