پیٹرولیم کی بڑھتی قیمتیں، ہفتہ وار 3 چھٹیاں،ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث ، ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے ، ہفتہ وار تین تعطیلات دینے پر غور شروع کردیا۔

امریکا ایران جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے نمٹنے کیلئے وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے پر غور شروع کردیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اہم شخصیت کو لے جانیوالا طیارہ لیبائی ایئرپورٹ پرگرکرتباہ، تمام عملہ محفوظ

ذرائع کے مطابق اس مرتبہ ہفتے کے تین روز چھٹی اور لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز پر غور کر دیاہے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو غیر ضروری نقل و حرکت محدود کرنے کے مختلف آپشنز بھی زیر غور ہیں۔

ہفتے کے باقی 4دن معمول کے مطابق کاروباری و سرکاری سرگرمیاں جاری رکھنے کی تجویزدی گئی ہے ، سمارٹ لاک ڈاؤن سے سرکاری، کاروباری اور عوامی سرگرمیوں کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جارہاہے ۔

تمام تجاویز کا مفصل جائزہ لینے کے بعد حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی اور وزیراعظم کی جانب سے رپورٹ کی روشنی میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پمزہسپتال : آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ، وزیراعظم کے حکم پر انکوائری رپورٹ جاری

تین روزہ تعطیلات کے فیصلے سے قبل وزارتوں اور اداروں سے بھی تجاویز لی جائیں گی،پٹرول کی بچت،غیر ضروری سفر میں کمی اور توانائی کا استعمال محدود کرنے پر توجہ دی جارہی ہے ۔

سرکاری ملازمین کے لیے باری باری حاضری کا نظام متعارف کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کے تحت روزانہ تمام ملازمین کے بجائے ملازمین کے مختلف گروپس کو دفاتر بلایا جائے گا تاکہ آمدورفت اور ایندھن کے استعمال کو محدود کیا جاسکے۔

حکومت سرکاری گاڑیوں کی تعداد میں بھی کمی کے آپشن کا جائزہ لے رہی ہے۔

ایک تجویز کے تحت سرکاری گاڑیوں میں سے 50 فیصد کو گراؤنڈ کرکے ایندھن کے استعمال اور سفری اخراجات میں کمی لانے پر غور کیا جارہا ہے۔