باغ(کشمیر ڈیجیٹل) ترجمان باغ پولیس آزادکشمیر کی پریس ریلیز کے مطابق رواں ماہ پانچ ستمبر کی صبح 6 بجے کو پرہ چوکی پر مسلح افراد کے حملے میں ایف سی اہلکار رحیم گل ساکنہ کرک شہید ہوگیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق چوکی پر تعینات لوکل پولیس اور ایف سی نے حملہ آوروں پر جوابی کارروائی کی جس کے نتیجہ میں ایک حملہ آور بھی موقع پر مارا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کا آئے روز احتجاج مسترد، شہریوں کاحصہ نہ بننے کا اعلان
حملہ آور سے اسلحہ کلاشنکوف نجر اور گرنیڈ برآمد ہوا ۔ حملہ آور جو موقع پر مارا گیا تھا اس کے پاس کوئی شناختی دستاویز سکیورٹی اہلکاروں کو نہیں مل سکی تھی۔
تاہم نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے باغ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں نادرا کے ذریعے مارے گئے حملہ آور کی شناخت ہوگئی ۔
پولیس حکام کے مطابق مارے جانیوالے حملہ آوار جابر ممتاز ولد ممتاز ساکنہ ریڑھ بن کھائی گلہ سے ہوئی ، مزید تفتیش پر مذکورہ کا تعلق دہشتگرد تنظیم تحریک طالبان کشمیر سے نکلا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ورثاء کو اطلاع دی گئی کہ وہ نعش وصول کر کے لے جائیں مگر کوئی بھی شخص نعش وصول کرنے نہ آیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی کا وفاق، پنجاب اور گلگت سے آزادکشمیر تک پارلیمانی قوت بننے کا سفر
ترجمان باغ پولیس کے مطابق پولیس حکام نے لا وارث نعش کو تحت ضابطہ غسل اور کفن کے بعد قبرستان میں دفن کر وایا گیا۔
ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر لاش کی بے حرمتی کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں جو محض ایک پرو پیگنڈہ ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔




